راولپنڈی(صباح نیوز)سابق وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے آئند ہ عام انتخابات میں آزاد حیثیت سے الیکشن لڑنے اور اپنے صاحبزادے تیمور نثار کو بھی الیکشن میں اتارنے کا فیصلہ کیا ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق چودھری نثار علی خان حلقہ این اے52,53 اور پی پی 6 سے آزاد امیدوار حیثیت سے الیکشن میں حصہ لیں گے۔گزشتہ روز مسلم لیگ(ن) کی مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس میں شرکت کیلئے چوہدری نثار کو دعوت نہ دینے سے مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت اورچوہدری نثار علی خان کے درمیان اختلافات کھل کر سامنے آگئے ہیں جبکہ پارٹی کے اہم فیصلوں میں چوہدری نثار علی خان کو نظر انداز کیا جارہا ہے۔لیگی قیادت اور چوہدری نثار علی خان کے درمیان فاصلے بڑھتے جارہے ہیں جس کے باعث آئندہ الیکشن میں چوہدری نثار آزاد حیثیت سے اپنے حلقے این اے 52,53 اور پی پی چھ سے الیکشن لڑیں گے ۔