اسلام آباد (نمائندہ جنگ‘ایجنسیاں)مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما و سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ ہارس ٹریڈنگ کے حوالے سے سیاستدان صرف باتیں کرتے ہیں روک تھام کے لئے عملی کام نہیں کررہے، ہارس ٹریڈنگ ہورہی ہے تو اداروں کا کام ہے اسے روکیں ‘آج پارٹی امور پر بات کا موقع نہیں ، میں سیاست کررہاہوں کرکٹ نہیں کھیل رہا کہ فرنٹ یا بیک فٹ پر جاؤں‘میں نوازشریف کے دور میں بھی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں نہیں جاتا تھا‘ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں شرکت نہ کرنے کی اور وجوہات ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق ہفتہ کو چوہدری نثار سینیٹ الیکشن کے لیے اپنا ووٹ کاسٹ کرنے قومی اسمبلی پہنچے جہاں ووٹ دینے کے بعد انہیں میڈیاکے نمائندوں نے گھیر لیا۔چوہدری نثار نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کی اور کہا کہ ووٹ ڈالنے آیا تھا آج پارٹی امور پر بات کرنےکا موقع نہیں۔ صحافی نے چوہدری نثار سے سوال کیا کہ اب شہباز شریف پارٹی صدر بن گئے اب آپ فرنٹ فٹ پرآئیں گے؟ اس پرانہوں نے کہا کہ میں سیاست کر رہا ہوں کرکٹ نہیں کھیل رہا جو آپ فرنٹ اور بیک فٹ کا سوال کررہے ہیں ۔تحریک انصاف میں شمولیت پر چوہدری نثارکا کہناتھاکہ عمران خان پرانے دوست ہیں‘میں بھی کرکٹر رہا ہوں آج کل نہ وہ اور نہ میں کرکٹ کھیل رہے ہیں۔