ٹھٹھہ(نامہ نگار) ٹھٹھہ میں بجلی و پانی کا بدترین بحران، شہری شدید مشکلات سے دوچار۔ تفصیلات کے مطابق موسم سرما کے اختتام کو پہنچتے ہی ٹھٹھہ میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں شدید اضافہ ہوگیا ہے حیسکو کی جانب سے ضلع کے شہری اور دیہی علاقوں میں روزانہ 12 سے پندرہ گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے جبکہ بعض اوقات شام سات بجے سے صبح دس بجے تک بجلی غائب رہنے کے علاوہ کم وولٹیج کی شکایات بھی عام ہیں جبکہ کچھ رہائشی علاقے ایسے ہیں جہاں پر فنی خرابی کے باعث گزشتہ کئی روز سے بجلی کی فراہمی معطل ہے جس کے باعث معمولات زندگی درہم برہم ہونے کے ساتھ ساتھ شہریوں کا سکون بھی برباد ہوگیا ہے۔ دوسری جانب مرمت کے باعث نہروں میں پانی کی وارا بندی اور متبادل ذرائع نہ ہونے سے ضلع ٹھٹھہ میں پانی کا شدید بحران پیدا ہوگیا ہے، گھروں اور مساجد میں پینے اور وضو کے لیے پانی ناپید ہے جس کے باعث عوام ٹینکرز اور گدھا گاڑی والوں سے پانی خریدنے پر مجبور ہوگئے ہیں دریں اثنا پانی کے بحران کے پیش نظر بلدیہ ٹھٹھہ کے واٹر سپلائی انچارج کی جانب سے شہریوں کو پانی کے استعمال میں احتیاط برتنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔