اسلام آباد( نمائندہ جنگ)پاکستان مسلم لیگ کے صدر چوہدری شجاعت حسین اور سینئرمرکزی رہنما چوہدری پرویزالٰہی سے پیپلزمسلم لیگ کے صدر اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے اہم رہنما ارباب غلام رحیم نے انکی رہائشگاہ پر ملاقات کی، طارق بشیر چیمہ ایم این اے، کامل علی آغا، محمد بشارت راجہ اور دیگر بھی موجود تھے، مسلم لیگی قائدین نے کہا حالات کا تقاضا ہے کہ تمام مسلم لیگی ایک پلیٹ فارم پر متحد ہو جائیں، مسلم لیگ پاکستان کی خالق جماعت،وہی ترقی کی نئی منزلوں پر لے جا سکتی ہے،ملک صوبائیت میں بٹا ہوا ہے، صوبائی عصبیت کے خاتمے، مادر وطن کی یکجہتی کیلئے اور اسے مشکلات و مسائل سے نکالنے کا یہی بہترین راستہ ہے ، چودھری شجاعت حسین نے کہا دوقومی نظریہ پر ایمان رکھنے والوں نے مسلم لیگ کے پلیٹ فارم پر جمع ہو کر پاکستان قائم کیا تھا، ہمیں آج قیام پاکستان کے مقاصد کی تکمیل کیلئے تمام مسلم لیگیوں کو دوبارہ متحد کرنا ہو گا تاکہ ملک کو آئے روز بحران کا سامنا نہ کرنا پڑے۔