اسلام آباد (نیوز ایجنسیز ) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ کراچی آپریشن کو آئندہ چند روز میں مزید بہتر انداز میں آگے بڑھایا جائے گا، آپریشن میں حائل تمام رکاوٹیں دور کی جائیں گی، کراچی آپریشن کو شہر قائد ہی نہیں پورے پاکستان کی حمایت حاصل ہے۔تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے جمعہ کو ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل بلال اکبر سے ٹیلیفون پر گفتگو کی۔ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار کا کہنا ہے کہ کراچی آپریشن کو صرف شہر قائد کے عوام کی نہیں پورے پاکستان کی حمایت حاصل ہے اس لئے اسے مزید موثر اور بہتر انداز میں جاری رکھا جائے گا ۔ وزارت داخلہ کے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے ڈی جی رینجرز میجرل جنرل بلال اکبر سے کراچی آپریشن کو مزید موثر اور بہتر بنانے پر مشاور ت کی، ڈی جی رینجرز سے گفتگومیں وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ کراچی آپریشن کو شہر قائد کے باسیوں کے علاوہ پورے پاکستان کی حمایت حاصل ہے اس لئے اس آپریشن کے دوران حائل ہونے والی تمام رکاوٹیں دور کرکے اسے جاری رکھا جائے گا ۔چوہدری نثار کا کہنا تھاکہ آئندہ چند دنوں میں آپریشن کو مزید بہتر انداز میں آگے بڑھایا جائے گا۔ انہوں نے کراچی میں امن وامان کے قیام کیلئے پولیس اور رینجرز کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا۔