سہیل خاور
نمائندہ جنگ،(یو اے ای)
متحدہ عرب امارات میں کمیونٹی کے دو بڑے ادارے پاکستان ایسوسی ایشن دبئی اور پاکستان سوشل سینٹر شارجہ فعال ہیں، بلکہ امارات میں پاکستانی برادری کی صحیح نمائندگی کرتے ہیں۔ یہ دونوں ادارے یواے ای کے قوانین کے مطابق رجسٹرڈ ہیں، جہاں مقامی اداروں سے اجازت کے بعد پروگرام اور تقاریب کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ پاکستان سوشل سینٹر ابو ظہبی اور العین امارات کے قوانین کے مطابق رجسٹرڈ نہ ہونے کی وجہ سے بند پڑے ہیں۔ ابو ظہبی مرکز، پاکستانی اسکول کے حوالے کردیا گیا ہے ،دبئی مرکز ڈاکٹر فیصل اکرم اور شارجہ سینٹر صدر چوہدری خالد حسین کمیونٹی اور انسانیت کی خدمت کے حوالے سے متحرک ہیں۔ ان دونوں اداروں کی ٹیم کمیونٹی کی بے لوث خدمت کررہی ہے ۔ متحدہ عرب امارات کے قوانین کے مطابق کمیونٹی مراکز کے انتخابات مقامی انتظامیہ کے زیر انتظام ہوتے ہیں، جہاں رجسٹرڈ ممبران ووٹ ڈال کر دوسال کے لئے نئی انتظامیہ کا انتخاب کرتے ہیں۔ دبئی مرکز(پیڈ) انتظامیہ نے پاکستان آڈیٹوریم کی تعمیر سے دیگر کمیونیٹیز میں بھی مقام حاصل کیا ہے ۔ اب پاکستانی برادری کے پاس اپنی جگہ ہے ،جہاں قومی پروگراموں کا انعقاد بڑے پیمانے پر کیا جاتا ہے، کمیونٹی فخر کے ساتھ دوستوں ، عزیزوں اور دیگر اقوام کے باشندوں کو لاسکتی ہے۔
جب پاکستان سوشل سینٹر شارجہ کی انتظامیہ منتخب ہوئی تھی ،تو پیڈ نے ان کے اعزاز میں عشائیےکا اہتمام کیاتھا ۔ اب دبئی مرکز انتظامیہ کے اعزاز میں شارجہ مرکزکی جانب سے گزشتہ دنوںصدر چوہدری خالد حسین اور ان کی ٹیم نے پر وقار استقبالیے کا اہتمام شارجہ کے مقامی ریسٹورنٹ میں کیا ، جس میں دونوں مراکز کے عہدے داروں اور ممتاز پاکستانیوں نے شرکت کی ۔ نو منتخب انتظامیہ کے صدر ڈاکٹر فیصل اکرم دیگر عہدے داروں سہیل اشرف ، محمد زعیم، فیصل عنقا، شاہد الاسلام، زاہد حسین اور مسز ثمینہ ناصر کے ہمراہ تقریب میں پہنچے، تو شارجہ مرکز کے صدر چوہدری خالد حسین اور ان کے ڈائریکٹرز نصر اقبال ہاشمی، سفیر احمد ستی، ناصر رفیق، مسعود احمد، عمران رفیق، محمد سعید اختر، عمران اسلم اور افتخار چوہدری نے سابق صدر مرکز راجہ محمد سرفراز کے ہمراہ نومنتخب پیڈ انتظامیہ کو گل دستے پیش کرکے خوش آمدید کیا۔ پروگرام کا آغاز کرتے ہوئے حافظ زاہد علی نے کہا، شارجہ سینٹر نے نومنتخب عہدے داروں کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کرکے اچھی روایت کو برقرار رکھا ہے۔
ہماری ہر جگہ پاکستان سے پہچان ہے۔ ہم پاکستان کا امیج بہتر بنائیں گے تو ہماری عزت ہوگی ۔ ہم یہاں پاکستان کے سفیر ہیں۔ دونوں مراکز کا عزم ہوناچاہیے کہ ہم نے مل جل کر کمیونٹی کی خدمت کرنا ہے۔ پیڈ نے پچھلے چند سالوں میں کمیونٹی کے لئے گراں قدر خدمات سرانجام دی ہیں فری میڈیکل کیمپ، اسپورٹس اور پاکستان آڈیٹوریم چند ایسی مثالیں ہیں جنہیں ہر کوئی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ہماری خواہش ہے کہ پاکستان ایسوسی ایشن دبئی اور پاکستان مرکز شارجہ ایک دوسرے کی معاونت اور مشاورت سے مشترکہ جدوجہد اور منصوبوں پر عمل درآمد کریں تاکہ کمیونٹی ان منصوبوں سے بھرپور استفادہ کرسکے۔ تقریب کے دوران ہی تمام عہدے داروں نے فرداً فرداً اپنا تعارف کروایا۔
دبئی ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر فیصل اکرم نے مرکز شارجہ انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ امارات میں موجود دونوں پاکستانی مراکز کے دونام ہوسکتے ہیں، لیکن ایک ہی ٹیم ہے ہماری پہچان صرف پاکستان ہے، گوکہ دونوں مراکز کے عہدے داران مختلف ہیں،لیکن ہماری ذمہ داری اور منصب ایک ہے۔کمیونٹی ہماری طرف دیکھتی ہے کہ ہم ڈیلیور کریں ،یہ کمیونٹی ادارے ہمارے پاس امانت ہیں۔ جن کے ذریعے ہم عام لوگوں کی خدمت کرتے ہیں۔ پاکستان نے یہاں دیار غیر میں بھی ہمیں پہچان دی،دونوں مراکز کے عہدے داران اور ممبران مل کر ایسی مثال قائم کریں کہ لوگ یاد رکھیں، اپنے منصب اور عہدے کاحق ادا کریں اور اپنی ذمہ داریوں کو ایمان داری سے پورا کریں۔ دبئی میں پاکستانی کمیونٹی کے لئے 12 ملین درہم کا جدید سہولیات سے مزین میڈیکل سینٹر کی تعمیر کاکام شروع ہوچکا ہے۔یہ اپنی نوعیت کا پہلا سینٹر ہوگاجو کمیونٹی خود اپنے وسائل اور عطیات سے تعمیر کررہی ہے۔ مقامی اداروں نے بھی پیڈ کی کارکردگی اور مقاصد کو سراہا ہے ہم کمیونٹی اور شارجہ سینٹر کے تعاون سے اسے جلد ازجلد پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے۔
پاکستان سوشل سینٹرشارجہ کے صدر چوہدری خالد حسین نے کہا کہ مجھے اور میری ٹیم کے لیے یہ اعزازہےکہ ہماری دعوت پرپیڈ کی نومنتخب انتظامیہ شارجہ تشریف لائی ۔ ہمیں دبئی ایسوسی ایشن کی ہر مرحلے پر رہنمائی چاہیے۔ پیڈ کی طرح ہمارے پاس وسیع قطعہ اراضی موجود نہیں ہے۔ لیکن ہمارے دل اور مقاصد بہت بڑے ہیں۔ ہم دونوں مراکز کی انتظامیہ مل کر شارجہ میں بھی کمیونٹی کو وہ سہولیات فراہم کر سکتے ہیں۔ جو دبئی مرکز فراہم کررہا ہے۔ دونوں اداروں کا مقصد صرف اور صرف کمیونٹی کی خدمت ہے۔ ہم دبئی طرز پر شارجہ مرکز کوبھی متحرک اور مثالی ادارہ بنانا چاہتے ہیں۔ کمیونٹی کی بلا امتیاز خدمت ہمارا نصب العین ہے۔ امارات میں پاکستانی انجینئرز، ڈاکٹرز، محنت کش، بینکرز، صحافی اور فنی ماہرین ہر شعبہ میں اپنا کردار ادا کررہے ہیں۔ یہاں تعمیر وترقی میں پاکستانیوں کا اہم کردارہے۔ اب پاسپورٹ وشناختی کارڈکی تجدید کے لئے شارجہ مرکز میں سہولیات فراہم کردی ئی ہیں، اب پاکستانیوں کو دبئی قونصلیٹ جانے کی ضرورت نہیں ہے ۔ اسپورٹس کے حوالے سے ہم بڑھ چڑھ کر کام کررہے ہیں۔ پاکستان کلچر کو اجاگرکرنے اور یہاں مقیم پاکستانیوں اور ان کے اہل خانہ کو تفریح فراہم کرنے کے لیے ثقافتی پروگرام پورا سال جاری رہتے ہیں یہی وجہ ہے کہ شارجہ اور دبئی مراکز کو منی پاکستان ہی کہاجاتا ہے۔ ہم دونوں مراکز نہ صرف ایک دوسرے کا ساتھ دیں گے، بلکہ کمیونٹی کی بہتری کے لیے عملی اقدامات بھی کریں گے۔ میڈیکل سینٹردبئی کی تعمیر میں پیڈ کا پورا ساتھ دیں گے پاکستان کا امیج بہتر بنائیں گے اور دورس نتائج حاصل کریں گے۔