شاہد نعیم
نمائندہ جنگ،(جدہ،سعودی عرب)
قونصل جنرل شہریار اکبر خان نے کہاہے کہ پاکستان ویلفیئر سوسائٹی کی جانب سے ہم وطنوں کو فراہم کی جانے والی طبی خدمات مثالی ہیں ۔ آئندہ ماہ قونصلیٹ میں ڈینٹل کلینک کےلئے مستقل بنیادوں پر ایک کمرہ فراہم کرنے کی کوشش کی جائے گی ۔ وہ پی ڈبلیو ایس کی سالانہ تقریب سے خطاب کررہے تھے، جس کی نظامت سوسائٹی کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر امجد عبید نے کی ۔ قونصل جنرل نے مزید کہا سیمینار میں طبی معلومات کے حوالے مفید معلوماتی لیکچرز پیش کئے گئے ہیں، اس قسم کے معلوماتی لیکچرز سوسائٹی کے زیر انتظام لگنے والے کیمپ میں بھی پیش کئے جائیں ۔ سوسائٹی کے ارکان بے لوث ہو کر اہل وطن کو طبی خدمات فراہم کر رہے ہیں جو ایک مثالی اقدام ہے ۔ قونصلیٹ کی جانب سے ہر قسم کا تعاون جاری رکھا جائے گا ۔ قبل ازیں ڈاکٹر امجد عبید نے روز مرہ معمولات میں غذائی اہمیت اور غیر ضروری ادویہ سے اجتناب کے حوالے سے مقالے میں واضح کیا کہ انسانی جسم کو قدرت نے جس خوبصورتی سے تخلیق کیا ہے اس کی مثال نہیں ملتی ۔ رب کائنات کے تخلیق کردہ نظام کو اس کے اصولوں کے مطابق چلایا جائے تو بیماریوں سے بچا جاسکتا ہے ۔ ڈاکٹر نقوی نے ہنگامی طبی امداد کے حوالے سے معلوماتی لیکچر پیش کیا ۔
سوسائٹی کے صدر ڈاکٹر خلیل الرحمان نے سوسائٹی کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ویلفیئر سوسائٹی کا قیام 2006 میں ہوا تھا اور آج اس کارواں کو 12 برس کاعرصہ ہو چکا ہے،اس دوران سوسائٹی کے پلیٹ فارم سے ہزاروں مریضوں کو طبی خدمات فراہم کی جاچکی ہے ۔قونصلیٹ میں لگنے والے مفت طبی کیمپ کے لئے ایک لاکھ ریال کی ادویہ خریدی جاتی ہیں ۔ سوسائٹی کے زیر انتظام پاکستان میں گردے کے امراض سے متعلق ایبٹ آباد میں فلاحی بنیادوں پر مرکز قائم کیا گیا ،جس میں اب تک 70 مریضو ںکو ڈائیلاسس کی سہولت فراہم کی جارہی ہے ۔ سوسائٹی کی دیگر فلاحی سرگرمیو ں کے حوالے سے بتایا کہ ماہ رمضان میں سوسائٹی کے زیر انتظام مفت راشن اسکیم کے تحت ضرورت مندوں میں رمضان پیکیج کے نام سے راشن تقسیم کیا جاتا ہے ۔ پاکستان میں مستحق افراد کےلئے کپڑوں کی ترسیل کےانتظام کے حوالے سے گزشتہ برس سوسائٹی کے ارکان نے کمیونٹی کے تعاون سے 700 کلو گرام پرانے کپڑوں کی شپمنٹ پاکستان بھجوائی ۔ ڈاکٹر خلیل نے قونصل جنرل سے اپیل کی کہ قونصلیٹ کی زیر نگرانی مکہ مکرمہ ، مدینہ منورہ اور طائف میں مفت طبی کیمپ قائم کیا جاتا تھا ،جس سے لوگوں کو بڑا فائدہ ہوتا تھا مگر اب اس کاسلسلہ منقطع ہو چکا ہے قونصل جنرل اس سلسلے کو دوبارہ بحال کروائیں ۔
سوسائٹی کے زیر اہتمام دانتوں کے کلینک کے لئے کافی دشواری ہوتی ہے جس کےلئے مستقل بنیادوں پر قونصلیٹ میں ایک کمرہ مخصوص کر دیاجائے تاکہ وہاں ڈینٹل کلینک قائم ہوسکے۔ ڈینٹل میں استعمال ہونے والی خصوصی کرسی کی خریداری کےلئے کمیونٹی تعاون کرے ۔ بعدازاں سوسائٹی کے ارکان کو تعریفی اسناد دی گئیں۔
معیاری درس گاہ وہی ہے، جہاں معماران مستقبل کو نہ صرف زیور تعلیم سے آراستہ کیاجائے بلکہ انہیںملک کا مفید شہری بننے کی تربیت بھی دی جائے۔ پاکستان انٹرنیشنل اسکول جدہ (انگلش سیکشن) معیار کے اعتبار سے اپنی مثال آپ ہے۔ اس مادر علمی میں غیر نصابی سرگرمیوں کے ذریعے طلبہ کو دور حاضر کے چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کے قابل بنایاجاتا ہے۔ اسی تناظر میں پاکستان انٹرنیشنل اسکول کے پرنسل عدنان ناصر نے ’ماڈل یونائیٹڈ نیشنز کانفرنس‘ کا انعقاد کیا جوبلا شبہ اقوام متحدہ جیسے عالمی ادارے کی عکاسی کر رہی تھی۔ اس کانفرنس کا مقصد عالمی مسائل کے حوالے سے طلبہ میںتدبر اور معاملہ فہمی جیسے اوصاف کو اجاگر کرنا تھا۔ کانفرنس کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ جس کے بعد پاکستان کا قومی ترانہ بجایا گیا۔ اسکول کے آڈیٹوریم کو اقوام متحدہ کی اسمبلی کی طرح سجایاگیا تھا۔ اس کانفرنس میں طلبہ کے29وفود نے شرکت کی جو پاکستان، ہندوستان، سعودی عرب،چین، امریکا ، ایران اور دیگر ممالک کی نمائندگی کر رہے تھے۔ کانفرنس کا ایجنڈا دونکاتی تھا جس میں ’’امن کے لیے اتحاد، ٹکڑوں میں تقسیم نہیں‘‘ اور ’’ترقی پذیر ممالک میں معاشی اور معاشرتی مسائل‘‘ جیسے موضوعات شامل تھے۔ این پی ٹی ایجنڈے کی صدر شفا اشعر تھیںجبکہ ’’ایس ڈی جی ‘‘ ایجنڈے کی صدارت انوشہ خواجہ نے کی۔ کامر س کلب کے وجیہہ خلیل نے اسٹیج سیکریٹری کے فرائض انجام دیے۔
کانفرنس کے افتتاح کے بعد پرنسپل عدنان ناصر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ’ماڈل یونائیٹڈ نیشنز کانفرنس‘ جیسی سرگرمیوں کا مقصد نہ صرف طلبہ کو اپنے خیالات کے اظہار کا موقع فراہم کرنا ہے بلکہ انہیں صبر، تحمل، فہم و فراست، نظم و ضبط کے ساتھ وسیع النظری اور ہر طرح کے نقطہ نظر کو قبول کرنے جیسے اوصاف کا حامل بنانا ہے کیونکہ آج کے یہ نوجوان وفود ہی مستقبل کے سفیر اور سفارتکار ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیںدنیا کو محفوظ اور خوشحال بنانے کے لیے عالمی مسائل کو سمجھنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ آپ نوجوان ہی دنیا میں مثبت تبدیلی لا سکتے ہیں اور اس دنیا کو ایک بہتر مقام بنا سکتے ہیں۔ آخرمیں پرنسپل نے پاکستان انٹرنیشنل اسکول جدہ (انگلش سیکشن) کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ’ماڈل یونائیٹڈ نیشنز کانفرنس‘ منعقد کرنے پر کامرس کلب اور اسکول انتظامیہ کو مبارکباد پیش کی ۔