پنجاب کے وزیر قانون رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ چیئرمین سینیٹ کیلئے رضا ربانی اور پرویز رشید دونوں ہی اچھے نام ہیں۔
پنجاب اسمبلی کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو میں رانا ثنا اللہ نے کہا کہ میاں نوازشریف نیک نیتی سے اس ملک کی خدمت کررہے تھے ، انہیں منفی ہتھکنڈوں سے روکنے کی کوشش کی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ آج سینیٹ میں اکثریتی جماعت ہے،ہم نے بطور جماعت کسی کو ایک پائی کی پیشکش نہیں کی ،پنجاب میں ہارس ٹریڈنگ کے لئے ووت بکنے کا کوئی ثبوت نہیں۔
وزیر قانون پنجاب نے یہ بھی کہا کہ خیبرپختو نخوا میں کروڑوں کی باتیں ہوئی ہیں، بلوچستان میں بھی ہوئیں ، تحریک انصاف اسٹیبلشمنٹ کی ٹوڈی جماعت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کے پی کے کو کرپشن سے پاک بنانے کا دعویٰ کرنے والے عمران خان اپنے ہی ایم پی ایز پر رشوت کے الزامات لگا رہے ہیں، ن لیگ کو روکنے کیلئے سازشوں کے باوجود سینیٹ میں شیر دھاڑ رہا ہے۔