• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپرلیگ، ملتان سلطانز نے کراچی کنگز سے تاج چھین لیا، پہلی پوزیشن پر قبضہ

دبئی (عبدالماجد بھٹی/ نمائندہ خصوصی) پاکستان سپر لیگ کے گروپ اسٹیج کا میلہ کئی دلچسپ میچوں اور کئی اتار چڑھائو کے بعد اپنا آدھا سفر طے کرکے اب اپنی اگلی منزل دبئی پہنچ گیا ہے۔ تمام چھ ٹیموں نے پانچ پانچ میچ کھیل لئے ہیں اور کوئی بھی ٹیم ناقابل شکست نہیں ہے۔ البتہ ٹورنامنٹ کی سب سے مقبول ٹیم لاہور قلندر پانچوں میچوں میں شکست کے زخم کھانے کے بعد جیت سے محروم ہے۔ آخری پانچ پانچ لیگ میچز کے بعد ٹیموں کی پوزیشن میں مزید تبدیلی آسکتی ہے۔ ملتان سلطانز نے کراچی کنگز سے تاج چھین کر اپنے سرپر سجالیا۔ پوائنٹس ٹیبل پر اس کی پہلی پوزیشن ہوگئی ہے۔ حیران کن طور پر بیٹنگ اور بولنگ میں غیر ملکی کھلاڑی نمایاں ہیں۔ پاکستانی ٹیم کے کئی بڑے نام مشکلات میں ہیں اور انہیں فارم کے حصول میں مشکل پیش آرہی ہے۔بیٹسمین مشکلات سے دوچار رہے ہیں۔ لاہور قلندر کی جانب ابھی تک کوئی بھی نصف سنچری نہیں بنا سکا ہے۔ پیر کو آرام کا دن تھا۔ منگل کو پاکستان سپر لیگ کے تیسرے مرحلے میں دبئی اسٹیڈیم میں دفاعی چیمپئن پشاور زلمی کا میچ پوائٹنس ٹیبل پر سب سے اوپر اور نئی ٹیم ملتان سلطان سے ہوگا۔پاکستان سپر لیگ میں مجموعی طور پر34میچ کھیلے جائیں گے ہر ٹیم نے دس دس لیگ میچ کھیلنے ہیں۔ ٹورنامنٹ کے پندرہ میچ مکمل ہوچکے ہیں ان میں سے ایک میچ بارش کی نذر ہوا ہے۔ ابتدائی پانچ میچوں کے بعد ملتان سلطانز کی ٹیم ٹاپ پر آگئی ہے۔ پاکستان سپر لیگ تھری میں بولروں کا پلہ بھاری ہے۔ ٹورنامنٹ میں گیارہ بیٹسمین ایسے ہیں جنہوں نے ایک سو یا زائد رنز بنائے ہیں۔ ابتدائی تین ٹاپ بیٹسمین غیر ملکی ہیں۔ سری لنکا کے سابق کپتان کمار سنگا کارا تین نصف سنچریوں کے ساتھ177رنز بناکر ٹاپ پر ہیں۔ پشاور کے ڈیوائن اسمتھ 148شین واٹسن 146رنز بناکر نمایاں ہیں پاکستانی بیٹسمینوں میں کامران اکمل اور محمد حفیظ نے125،125رنز بنائے ہیں۔ بولنگ میں ملتان کے عمران طاہر نے ہیٹ ٹرک کی مدد سے دس وکٹ حاصل کئے ہیں۔ محمد سمیع نے آٹھ اور ہیٹ ٹرک کرنے والے جنید خان نے سات کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا ہے۔ ملتان کیلئے کپتان شعیب ملک ہیڈ کوچ ٹام موڈی اور ڈائریکٹر وسیم اکرم کا کمبی نیشن کام کر گیا ہے۔ ملتان نےپانچ میں سے تین میچ جیتے ہیں اور ایک میں اسے شکست ہوئی ہے۔ ایک میچ بارش کی نذر ہوا ہے۔ ملتان کے سات پوائنٹس ہیں لیکن اس کا نیٹ رن ریٹ کراچی کنگز سے بہتر ہے۔ شارجہ میں لیوک رونکی کی پاکستان سپر لیگ میں تیز ترین نصف سنچری کی بدولت اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو با آسانی 9 وکٹوں سے شکست دے دی۔ تین لگاتار میچ جیتنے والی کراچی کنگز کی ٹیم پہلا میچ ہاری۔ کراچی کے بھی سات پوائنٹس ہیں۔ پشاور زلمی کی ٹیم چھ پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے اس نے تین میچ جیتے ہیں اور دو میں اسے شکست ہوئی ہے۔ سابق چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم چھ پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔ اس نے بھی پانچ میں سے تین میچ جیتے اور دو ہارے ہیں۔ تاہم رن ریٹ پر پشارو کو برتری حاصل ہے۔ گذشتہ دونوں فائنل کھیلنے والی سرفراز احمد کی ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پانچ میں سے دو میچ جیتے ہیں اور تین میں اسے شکست ہوئی ہے۔ کوئٹہ پانچویں نمبر پر ہے۔ گذشتہ دو ٹورنامنٹس میں آخری نمبر پر آنے والی لاہور قلندر کی ٹیم پانچوں میچ ہارنے کے بعد آخری نمبر پر ہے اور اسے اب بھی پہلے پوائنٹ کی تلاش ہے۔
تازہ ترین