پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) تھری کے 16 ویں میچ میں ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو 19 رنز سے شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل پر اپنی پہلی پوزیشن مزید مضبوط کرلی۔
پشاور زلمی 184 رنز کے تعاقب میں کپتان محمد حفیظ 56، رکی ویسلز22، لیم ڈاسن 32 رنز کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹ پر 164 رنز تک محدود رہی۔
کپتان محمد حفیظ نے شعیب ملک الیون کو شکست کے لئے بھرپور کوشش کی، پہلے انہوں نے ڈیوین اسمتھ، پھر رکی ویسلز اور اس کے بعد لیم ڈاسن کے ساتھ شراکت قائم کیں مگر وہ فتح کا پہاڑ سر کرنے میں ناکام رہے۔
دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں پشاور زلمی کے کپتان محمد حفیظ نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کے قائد شعیب ملک کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
ملتان سلطانز نے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹ کے نقصان پر 183 رنز بنائے جو ایونٹ میں اب تک کا سب سے بڑا مجموعہ ہے۔
اننگز کی خاص بات صہیب مقصود کی شاندار نصف سنچری رہی، جنہوں نے 42 گیندوں پر ناقابل شکست 85 رنز بنائے، اس دوران انہوں نے 4 چوکے اور 7 فلک شگاف چھکے بھی لگائے اور پی ایس ایل کی سب سے بڑی انفرادی اننگز کھیلی۔
ملتان سلطانز کی طرف سے احمد شہزاد 37، کمارا سنگارا 28، کیرون پولارڈ 16رنز ناٹ آئوٹ بھی بڑے اسکور کی وجہ بنے۔
پشاور زلمی کی طرف سے 184 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آندرے فلیچر اور کامران اکمل نے اننگز کا آغاز کیا،19 کے اسکور پر کامران اکمل کو محمد عرفان نے شعیب ملک کی مدد سے قابوکرلیا،انہوں نے 9 رنز بنائے۔
ملتان سلطانز کو دوسری وکٹ 25 کے اسکور پر مل گئی، پہلا میچ کھیل رہے آندرے فلیچر کو 11 رنز پر سہیل تنویر نے پویلین کا راستہ دکھایا۔
دو وکٹیں جلد گر جانے کے بعد کپتان محمد حفیظ نے ڈیوین اسمتھ کے ساتھ مل کر اسکور آہستہ آہستہ آگے بڑھانے کی کوشش کی، 53 کے اسکور پر 3 چوکوں کی مدد سے 18 رنز بنانے والے اسمتھ کو پولارڈ نے میدان بدر کردیا۔
چوتھی وکٹ پر کپتان محمد حفیظ نے رکی ویسلز کے ساتھ 49 رنز کی شراکت قائم کی اور ٹیم کا اسکور 102 تک پہنچادیا، اس دوران دونوں بیٹسمینوں نے کئی دلکش اسٹروکس کھیلے، رکی ویسلز 3 چوکوں کی مدد سے 22 رنز بناپائے، انہیں محمد عرفان نے پویلین کی راہ دکھائی۔
پشاور زلمی کی پانچویں وکٹ 151 کے اسکور پر گرگئی، محمد حفیظ کے ساتھ 49 رنز کی شراکت بنانے والے لیم ڈاسن 3 بلند و بالا چھکوں کی مدد سے 32 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، ان کی وکٹ سہیل تنویر کے حصے میں آئی۔
سہیل تنویر نے 152 کے مجموعی اسکور پر اپنی تیسری وکٹ حاصل کرکے میچ پر ملتان سلطانز کی گرفت مضبوط کردی، انہوں نے نئے آنے بیٹسمین حماد اعظم کو صفر رنز پر میدان بدر کردیا تو پشاور زلمی کی 6 وکٹیں 152 کے اسکور تھے۔
156 کے اسکور پر حسن علی کو پولارڈ نے میچ میں اپنا دوسرا شکار بنایا، وہ صرف 3 رنز میدان چھوڑ گئے تو کپتان حفیظ کی ہمت بھی دم توڑ گئی۔
دو رنز کے اضافے کے بعد وہ اپنی وکٹ بھی پولادڑ کے سپرد کرکے میدان سے چل دیے۔ انہوں نے 2 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 56 رنز کی اننگز کھیلی۔
پولارڈ کو آخری اوور کی آخری گیند پر وہاب ریاض نے چھکا مارا اور ٹیم کا اسکور 164 تک پہنچادیا۔
ملتان سلطانز کی طرف سے سہیل تنویر اور کیرون پولارڈ نے 3،3 جبکہ محمد عرفان نے 2 وکٹیں اپنے نام کیں۔
میچ میں 85 رنز کی دلکش اننگز کھیلنے والے صہیب مقصود کو آج کے مقابلے کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
اس جیت کے ساتھ ہی ملتان سلطانز نے پوائنٹس ٹیبل پر 4 فتوحات کے ساتھ پہلی پوزیشن مزید مضبوط کرلی ہے۔