دبئی (نمائندہ خصوصی) پاکستان سپر لیگ میں ملتان سلطانز نے پشارو زلمی کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ٹورنامنٹ کا سب سے بڑا اسکور بنادیا۔ ملتان نے صہیب مقصود کی دھواں دار بیٹنگ کی بدولت تین وکٹ پر183 رنز بنائے۔ اس سے قبل ملتان ہی نے لاہور کے خلاف 179 رنز بنائے تھے ۔ مڈل آرڈر بیٹسمین صہیب مقصود نے 42 گیندوں پر سات چھکوں چار چکوں کی مدد سے85 ناٹ آئوٹ رنز بنائے۔ یہ پاکستان سپر لیگ تھری میں سب سے بڑا انفرادی اسکور ہے۔ اس سے قبل اسی ٹورنامنٹ میں ڈیوائن اسمتھ اور لیوک رونکینے71، 71 رنز بنائے تھے۔ پاکستان سپر لیگ کے میچ میں منگل کی سب ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بڑا اسکور بنا دیا۔ پولارڈ دو چھکوں کی مدد سے 16 رنز بنائے۔ ملتان نے آخری دس اوورز میں121 رنز بنائے۔ وہاب ریاض نے چار اوورز میں 41 رنز دیے ۔ حسن علی نے چار اوورز میں43رنز دیئے۔ صہیب مقصودنے اپنے اسٹائل سے ہٹ کر جارحانہ بیٹنگ کی اور نصف سنچری 29 گیندوں پر مکمل کی۔ انہوں نے ثمین گل کے ایک اوور میں16 رنز بنائے۔ ثمین گل نے چار اوورز میں42 رنز دیئے۔ احمد شہزاد اور صہیب مقصودنے اسکور کو تیزی سے آگے بڑھایا اور56 رنز کی شراکت قائم کی۔ احمد شہزاد 37 گیندوں پر37 رنز بناکررن آئوٹ ہوئے۔ ان کی اننگز میں تین چوکے شامل تھے۔ دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کو ٹاس جیت کر بیٹنگ کی دعوت دی۔ کمار سنگاکارا 28 رنز بناکر لائم ڈوسن کی گیند کا شکار بنے۔ پہلی وکٹ 51 رنز پر گری۔ میچ کے لئے پشاور زلمی کی ٹیم میں تین تبدیلیاں کی گئیں ۔ تمیم اقبال اپنے ملک بنگلہ دیش سے کھیلنے واپس چلے گئے ہیں، ان کی جگہ آندرے فلیچر کو ٹیم میں شامل کیا گیا ۔ اس کے علاوہ صابر رحمان اور عثمان خالد کی جگہ رکی ویسلز اور حماد اعظم کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔