راولپنڈی / کراچی (نمائندہ جنگ / نیوز ڈیسک) پاک فوج نے 23؍ مارچ یوم پاکستان پر شاندار پریڈ کا اعلان کیا ہے جس میں عالمی شہرت یافتہ کھلاڑی اور فنکار بشمول میری ڈونا ، شکیرا شرکت کریں گے ۔ پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ پاکستان امن کا نشان ہے اور ہر قیمت پر وطن کی حفاظت کریں گے ، 23؍ مارچ شایان شان طریقے سے منائیں گے ، اسلام آباد میں پریڈ ہوگی اور تینوں مسلح افواج کے دستے شرکت کریں گے ۔ تفصیلات کے مطابق آئی ایس پی آر نے 23؍ مارچ کے حوالے سے ’’امن کا نشان ہمارا پاکستان‘‘ پروموجاری کر دیا ہے۔ بدھ کو ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان امن پسند ملک ہے، انشاء اللہ ہم ہر قیمت پر اپنے ملک کی حفاظت کریں گے ، 23؍ مارچ شایان شان طریقے سے منائیں گے جس کیلئے پورے ملک میں تیاریاں زور و شور سے عروج پر پہنچ گئیں ، یوم پاکستان کے موقع پر دارالحکومت اسلام آباد میں پریڈ بھی کی جائے گی جس میں تینوں مسلح افواج کے دستے شرکت کریں گے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے 78؍ ویں ’یوم پاکستان‘ کے موقع پر عزم کا اظہار کیا ہے۔علاوہ ازیں نمائندہ جنگ کے مطابق یوم پاکستان تقریب کےموقع پر نیشنل پریڈ ڈے میٹنگ ہوگی جس کے بعد آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے ظہرانہ ہوگا جبکہ مقامی ہوٹل میں عشائیے کے انتظامات بھی کئے گئے ہیں۔ پریڈ اور تقریب میں شرکت کیلئے جن عالمی شہرت یافتہ کھلاڑیوں اور فنکاروں کو مدعو کیا گیا ہے ان میں ارجنٹائن کے سابق فٹ بالر ڈیگو میریڈونا ، عالمی شہرت یافتہ گلوکارہ شکیرا (ان کی طبیعت ناساز ہے اگر بہتر ہوگئی تو وہ تشریف لائینگی) ، جرمنی کے ٹینس اسٹار بورس بیکر اور فٹبالر لوتھر میٹ ہاس ، ہالی ووڈ کی اداکارائیں لندے لوہن ، ہلیری سوانک ، اداکار سین اسٹون ، ڈائریکٹر اولیور اسٹون، 2004ء کی مس ورلڈ روزانا ڈیویسن ، نیلسن منڈیلا کے پوتے نڈابا منڈیلا اور سوئس ٹینس اسٹار مارٹینا ہن گس شامل ہیں۔