پاکستان پیپلز پارٹی خواتین ونگ کی جانب سے عالمی یوم خواتین کے موقع پر پی پی پی رہنما فریال تالپور کی قیادت میںکراچی میں کاروان بینظیر ریلی نکالی گئی۔
کاروان بینظیر ریلی کراچی پریس کلب پر پہنچ کر اختتام پزیر ہوئی۔
ریلی میں بڑی تعداد میں پی پی پی ورکرز اور سول سوسائٹی کی خواتین شریک تھیں جبکہ فریال تالپور کے ہمراہ پی پی پی سندھ کی خواتین عہدیدار بھی ریلی میں موجود تھیں۔
ریلی کی شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے فریال تالپور کا کہنا تھا کہ پی پی پی نے ہمیشہ خواتین کے حقوق کی جنگ لڑی، پاکستان کی خواتین کو بااختیار بنانا پی پی پی کا منشور ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں خاتون کا وزیر اعظم بننا ہو یا جج بننا ہو اس کا سہرا پی پی پی کے سر ہے۔
فریال تالپور کا مزید کہنا ہے کہ شہید بی بی کی قیادت تھی جس کی بدولت ملک کے لاکھوں مرد ایک آمر کے سامنے کھڑے ہوسکے۔
پی پی پی سندھ خواتین ونگ کی صدر شگفتہ جمانی، سیکریٹری اطلاعات سعدیہ جاوید اور شاہد رحمانی نے بھی ریلی میں شرکت کی۔