بی بی سی کے لائیو انٹرویو کے دوران والد کے دفتر میں اچانک داخل ہو کر دنیا بھر میں مشہور ہونے والے بچوں کی نئی تصاویر سامنے آ گئیں۔
’بی بی سی ڈیڈ‘ کے نام سے مشہور سیاسیات کے پروفیسر رابرٹ کیلی نے حال ہی میں سوشل میڈیا پر اپنی فیملی کی نئی تصاویر شیئر کی ہیں۔
اُنہوں نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں بتایا ہے کہ ان کا بیٹا جیمز اب 10 سال جب کہ بیٹی میریئن 13 سال کی ہو چکی ہے۔
9 برس بعد سامنے آنے والی ان تصاویر نے صارفین کو پرانی وائرل ویڈیو کی یاد دلا دی۔
واضح رہے کہ مارچ 2017ء میں رابرٹ کیلی جنوبی کوریا کے شہر بوسان میں اپنے گھر سے بی بی سی نیوز کو لائیو انٹرویو دے رہے تھے کہ اچانک ان کی 4 سالہ بیٹی میریئن پیلے رنگ کا سویٹر پہنے اچانک کمرے میں داخل ہو گئی اور والد کے پاس آ کر بیٹھ گئی اور پھر ان کا چھوٹا بیٹا جیمز بھی واکر میں وہاں والد کے پاس پہنچ گیا۔
صورتِ حال کو سنبھالنے کے لیے کیلی کی اہلیہ جنگ آ کم دوڑتی ہوئی کمرے میں آئیں اور دونوں بچوں کو وہاں سے لے گئیں، اس دوران رابرٹ کیلی نے اپنی ہنسی کو روکتے ہوئے انٹرویو جاری رکھا۔
لائیو انٹرویو کے دوران ریکارڈ ہونے والے اس دلچسپ منظر کی ویڈیو دیکھتے ہی دیکھتے انٹرنیٹ پر مقبول ہو گئی تھی اور یوٹیوب پر اسے کروڑوں ویوز ملے تھے۔
بعد ازاں جب کورونا کی وباء کے دوران گھر سے کام کرنے کا رجحان بڑھا تو یہ ویڈیو ایک بار پھر منظرِ عام پر آئی کیونکہ پھر بہت سے لوگوں کو گھروں سے کام کرتے ہوئے اسی طرح کی صورتِ حال کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
