حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) ہوسٹری تھانے کی حدود میں تیزرفتار کار کی ٹکر سے رکشہ ڈرائیور ہلاک ہوگیا جبکہ ہٹڑی بائی پاس پر نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار 3افراد زخمی ہوگئے، ہلاک وزخمی ہونے والوں کو سول اسپتال لایاگیا ۔تفصیلات کے مطابق ہوسٹری تھانے کی حدود میں ٹنڈوعالم مری لنک روڈ پر تیزرفتار کار نے رکشہ کو ٹکرماردی جس کے نتیجے میں رکشہ ڈرائیور 38سالہ حاکم علی ولد عرس سولنگی موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا ۔متوفی کی لاش سول اسپتال لائی گئی جہاں سے ضروری کاروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردی گئی ۔علاوہ ازیں ہٹڑی تھانے کی حدود میں ہٹڑی بائی پاس پر مشروب ساز کمپنی میں کام کرنے والے 3محنت کش 40سالہ سکندر حاجانو، 42سالہ اللہ داد حاجانو اور 38سالہ محمد زمان ڈیوٹی کے بعد موٹرسائیکل پراپنے گوٹھ میور خان حاجانو جارہے تھے کہ نامعلوم کار نے ٹکرماردی جس کے نتیجے میں تینوں زخمی ہوگئے، راہگیروں نے زخمیوں کوطبی امداد کے لئے سول اسپتال پہنچایا۔