بہاولپور(مانیٹر نگ سیل) نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا کہ عمران ہمیشہ لیٹ جاتا ہے، اب زرداری کے سامنے ہتھیار ڈال دیے،عدالت میں جعلی کاغذ دیے، مائی لارڈ اسکا گھر ریگولرائز نہیں کرنے دینگے، سینیٹ انتخابات اور چیئرمین سینیٹ کے لیے منڈیاں لگی ہوئی ہیں لیکن ووٹ بیچنے والوں کو رونا پڑے گا، عمران خان پچھلے دنوں ایک ہی بات کررہے تھے کہ ان کے ارکان بک گئے لیکن اب عمران نے اپنے سینیٹرز کو زرداری کے قدموں میں ڈال دیا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے جس کو پاکستان کی سب سے بڑی بیماری، ڈاکو اور چور کہا، آج اسی کے قدموں میں اپنے سینیٹرز کو ڈھیر کردیا۔ تحریک انصاف نے 2017 میں 70 لاکھ ووٹ لیے لیکن اس جماعت نے 500 ووٹ لینے والے کے ہاتھ اپنی پارٹی پکڑادی۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ عمران خان نے زرداری صاحب کے دربار پر عبدالقدوس کی چادر میں چھپ کر حاضری دی لیکن آپ کیا سمجھتے ہو، عوام کو پردے کے پیچھے سے کچھ نظر نہیں آرہا۔مسلم لیگ (ن) کی رہنما نے عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ تمہاری لڑائی نوازشریف سے ہے لیکن ہتھیار زرداری کے سامنے ڈال دیئے، عمران نے جو آصف زرداری سے پس پردہ ہاتھ ملایا ہے اس ڈرامے کا ڈراپ سین جلد ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ ہمیں عمران کے گھر کی ریگولرائزيشن نہيں چاہیے، یہ معاملہ این او سی کا نہیں جھوٹ کا ہے اور یہ معاملہ کاغذات کا نہیں بلکہ جھوٹ بولنے اور عدالت میں جعلی کاغذات داخل کرانے کا ہے۔مریم نواز نے کہا کہ نوازشریف 5 روپے کا جرم ثابت ہوئے بغیر سزائیں بھگت رہے ہیں لیکن اس کے باوجود وہ جمہوریت آئین اور قانون کی حکمرانی کے لیےآج بھی سینہ تان کر کھڑے ہیں۔