• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپرلیگ، شاہین کی بلند پرواز، لاہورقلندرز کو فتح دلادی، ملتان سلطانز کو شکست

دبئی (عبدالماجد بھٹی/ نمائندہ خصوصی) بہت دیر کی مہربان آتے آتے کی مصداق سے لاہور قلندر کوپاکستان سپر لیگ میں صبر آزما انتظار کے بعدبالاخر پہلی کامیابی مل گئی۔ چھ میچوں میں شکست کھانے والی لاہور کی ٹیم نےخیبر ایجنسی سے تعلق رکھنے والے 17سالہ شاہین شاہ آفریدی کے تباہ کن اسپیل کی بدولت ٹورنامنٹ فیورٹ اور پوائنٹس ٹیبل پر پہلے نمبر کی ٹیم ملتان سلطانز کو چھ وکٹ کی اپ سیٹ شکست دے دی۔ ملتان کی ٹیم کو مسلسل دوسری اور ٹورنامنٹ میں تیسری شکست ہوئی۔ پہلا موقع ملتے ہوئے بلند پرواز کرتے ہوئے شاہین شاہ نے پانچ اوورز میں صرف چار رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ لاہور قلندر پاکستان سپر لیگ میں آٹھ ناکامیوں کے بعد پہلی کامیابی حاصل کرسکی ہے۔ گذشتہ سال بھی لاہور کو آخری دو میچوں میں شکست ہوئی تھی۔ ایک موقع پرملتان کی ایک وکٹ92 رنز پر گری تھی لیکن پھرپوری ٹیم19.4اوورز میں114رنز پر آئوٹ ہوگئی۔ شاہین آفریدی نے چار گیندوں پر تین وکٹ حاصل کرکے ملتان کی بیٹنگ کی کمر توڑ دی۔ ملتان کی تباہ کن بیٹنگ کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ اس کی 9 وکٹیں 42 گیندوں پر22 رنز کے عوض گر گئیں۔ سنیل نارائن نے دو جبکہ سہیل خان اور مکلیناہن نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ لاہور نے 18.4اوورز میں ہدف پورا کر لیا۔ کپتان برینڈن میک کولم 35گیندوں پر35رنز بناکر ناٹ آئوٹ رہے۔ سہیل اختر نے گیارہ ناٹ آئوٹ رنز اسکور کئے۔ جمعے کو دبئی اسٹیڈیم میں میچ میں اینٹن ڈیوچچ شعیب ملک کی گیند پر 22 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ ان کے بعد فخر زمان عمران طاہر جبکہ آغا سلمان محمد عرفان کی گیند پر آوٹ ہوئے۔ لاہور کی بیٹنگ لائن کی مشکلات بڑھ سکتی تھیں۔ لیکن سیف بدر نے برینڈن میک کولم کے کیچ ، سہیل تنویر اور جنید خان کی گیند پر ڈراپ کردیے۔ اس وقت ان کا اسکور9 اور 10رنز تھا۔ گلریز صدف27رنز بنا کر سیف بدر کی گیند پر کیچ ہوئے۔ گلریز اور میک کولم نے53رنز کی شراکت قائم کی۔ ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ کمار سنگاکارا اور احمد شہزاد نے اپنی ٹیم کو عمدہ آغاز فراہم کیا۔ ملتان سلطانز کی پہلی وکٹ 61کے مجموعی اسکور پر گری جب سنگاکارا 45 رنز بنا کر سنیل نارائن کی گیند پر دیوچ کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوئے۔ احمد شہزاد 32 کے انفرادی اسکور پر مکلیناہن کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے صدف گلریز ہاتھوں کیچ آوٹ ہوئے۔ سنیل نارائن نے صہیب مقصود کو 97 کے مجموعی اسکور پر بولڈ کر کے لاہور قلندرز کو تیسری کامیابی دلائی، انھوں نے 16رنز بنائے۔ شاہین آفریدی نے99 کے مجموعی اسکور پر لگاتار دو گیندوں پر شعیب ملک تین اور وائٹلی صفر کو پویلین کی راہ دکھا دی۔ اسی اوور میں سیف بدر کو بھی آؤٹ کر کے چھٹی وکٹ گرا دی۔ سہیل تنویر دو رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔ آٹھویں آئوٹ ہونے والے بیٹسمین پولارڈ تھے جنھیں سہیل خان نے نو رنز پر بولڈ کیا ۔آخری اوور میں شاہین آفریدی نے جنید خان اور محمد عرفان کو آؤٹ کرکے پانچ وکٹیں حاصل کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔ ملتان سلطانز کا مڈل آرڈر خاص کارکردگی نہ دکھا سکا۔ شاہین آفریدی کی شاندار بولنگ کے باعث ملتان سلطانز کا کوئی بھی کھلاڑی زیادہ دیر وکٹ پر کھڑا نہیں رہ سکا اور ملتان سلطانز کی پوری ٹیم 2 گیندیں قبل آؤٹ ہوگئی۔ 
تازہ ترین