ملتان (سٹاف رپورٹر ) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما و ممبر قومی اسمبلی ملک محمد عامر ڈوگر نے کہا ہے کہ 15 مارچ کو ملتان میں پی ٹی آئی کی ممبر سازی مہم کے حوالے سے چیئرمین عمران خان کی ملتان آمد کے موقع پر والہانہ استقبال کیا جائے گا، شہر کے دیگر اہم چوکوں سمیت چوک نواں شہر پر ممبر سازی کیمپ لگایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین عمران خان کی آمد کے حوالے سے تمام انتظامی امور کو مکمل کیا جارہا ہے اور چوک نواں شہر کو پارٹی پرچموں سمیت جھنڈیوں ، پینا فلیکسز سے سجایا جائے گا۔ کیمپ میں پارٹی کارکن، بلدیاتی چیئرمین، تنظیمی عہدیداران، ونگز کے عہدیداران اور خواتین شرکت کریں گی۔ اس موقع پر چیئرمین عمران خان پارٹی کارکنوں سے ملنے کے ساتھ ساتھ شہریوں کی ممبر سازی اپنے دست مبارک سے کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 15 مارچ کو شہر بھر کو سجایا جائے گا اور ملتان کے غیور شہری اور پارٹی کارکن ممبر سازی کیمپوں پر اپنے قائد عمران خان کا والہانہ استقبال کرکے یہ ثابت کریں گے کہ ملتان تحریک انصاف کا گڑھ ہے اور آنے والے الیکشن میں تحریک انصاف کامیابی کے جھنڈے گاڑے گی۔