• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانوی پارلیمنٹ کا کشمیر گروپ جلد آزاد خطے اور گلگت بلتستان کا دورہ کرے گا

لندن (پ ر)برطانوی پارلیمنٹ میں قائم کشمیر گروپ کے عہدیداران چیئرمین اینڈریو گرفتھس کی قیادت میں آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کا جلد دورہ کرے گا جبکہ مقبوضہ کشمیر کے لئے بھی بھارتی ہائی کمیشن سے رابطہ قائم کیا جائے گا تاکہ کشمیر گروپ کی طرف سے پارلیمنٹری تحقیقات کے لئے ریاست کے ان لوگوں سے بھی معلومات حاصل کی جاسکیں جو برطانیہ نہیں آسکتے جبکہ آٹھ اور نو مارچ کو جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت یورپ کی معاونت سے برطانوی پارلیمنٹ میں دو روزہ کشمیر کانفرنس کا بھی انعقاد کیاجائے گا۔ ان خیالات کا اظہارجموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت یورپ کے چیئرمین راجہ نجابت حسین کی کشمیر گروپ کے چیئرمین سے ملاقات کے موقع پر گفتگو میں کیا گیا۔ اس موقع پر بیرسٹر یاسمین قریشی ایم پی اینڈر یو گرفقس اور نازشاہ ایم پی بھی موجود تھیں جبکہ راجہ نجابت حسین نے انہیں مقبوضہ کشمیر کی تین انسانی حقوق کی تنظیموں کی طرف سےخرم پرویز کی وساطت سے مرتب کردہ 804 صفحوں پر مشتمل سٹرکچر آف وایلنس پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ کشمیر گروپ نہ صرف اس رپورٹ کو مد نظر رکھے گا بلکہ مقبوضہ کشمیر کے عوام سے براہ راست بھی شواہد لیکر بھارتی حکومت اور سیکورٹی اداروں کے مظالم کو بے نقاب کرے گا تاکہ برطانوی حکومت یورپی یونین اور اقوام متحدہ سمیت عالمی ادارے کشمیر میں طلم وتشدد بند کرانے میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔اس موقع پر دونوں کشمیر نژاد ارکان پارلیمنٹ یاسمین قریشی اور ناز شاہ نے بھی راجہ نجابت حسین کو یقین دلایا کہ وہ کشمیری عوام کی نمائندگی کا ہر پلیٹ فارم پر حق ادا کریں گی۔ تحریک کے چیئرمین نے آزاد کشمیر کی سیاسی سماجی اور انسانی حقوق کی تنظیموں کی طرف سے برطانوی سیاستدانوں خصوصا برطانوی اور یورپی پارلیمنٹ قائم کشمیر گروپوں کے عہدیداروں کو شکریہ کے پیغامات بھی دیئے۔
تازہ ترین