• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گجرات، عمران خان کے خطاب کے دوران جوتا اچھال دیا گیا

گجرات، عمران خان کے خطاب کے دوران جوتا اچھال دیا گیا

حکمرانوں بالخصوص سینئر سیاستدانوں پر جوتا پھینکنے کے واقعات مسلسل جاری ہیں، اسی طرح کی کارروائی کا آج پی ٹی آئی نشانہ بنی ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے گجرات میں ممبرسازی کے سلسلے میں جگہ جگہ خطاب کیا، لیکن چند مقامات پر بدنظمی کے واقعات بھی رونما ہوئے، کہیں جوتا پھینکا گیا تو کہیں دو دھڑوں میں تقسیم پی ٹی آئی کے کارکن آپس میں گتھم گتھا ہوگئے۔

گجرات میں عمران خان کے خطاب کے دوران جوتا پھینک دیا گیا، جو عمران خان کے برابر میں کھڑے رہنما علیم خان کو لگا۔

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے جیسے ہی گجرات کے جی ٹی ایس چوک پر اپنا خطاب ختم کیا اور جانے لگے تو ہجوم میں سے کسی نے ان پر جوتا پھینک دیا، لیکن جوتا عمران خان کو نہیں بلکہ تحریک انصاف کے رہنما علیم خان کے جا لگا۔

علیم خان پر جوتا پھینکنے والا تو ہجوم میں گم ہوگیا، پولیس نے تین مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔

جی ٹی ایس چوک کے مقام پر ہی عمران خان کے خطاب سے قبل پی ٹی آئی کے دو دھڑے آپس میں اس طرح لڑ پڑے، جیسے سامنے مخالف پارٹی کے کارکن ہوں، اس دوران لاتیں، گھونسے اور ڈنڈے تک چل گئے۔

اس سے قبل ٹانڈہ کےمقام پر سفیان نامی شخص نے عمران خان کی گاڑی سمجھ کر جوتا پھینکا لیکن جوتا ایک خاتون کو لگ گیا، جو عمران خان کے ساتھ لاہور سےآئی تھیں، کارکنوں نے جوتا پھینکے والے کا حشر نشر کردیا۔

ڈی ایس پی عرفان سلہریا کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی طرف سےتحریری درخواست ملنےکےبعد ہی ملزم کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا۔

تازہ ترین