• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد اور کوئٹہ کومنزل مل گئی،سپر لیگ پلے آف میچ کیلئے ملتان،کراچی اور پشاور میں رسہ کشی

شارجہ (نمائندہ خصوصی) پاکستان سپر لیگ انتہائی سنسنی خیز اور فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوچکی ہے۔ ایونٹ میں شامل ٹیمیں اپنی بقا کی جنگ لڑرہی ہیں۔ ایونٹ کا فاتحانہ انداز سے آغاز کرنے والی ٹیمیں اپنی منزل کی تلاش میں سرگرداں ہیں جبکہ سلو آغاز کرنے والی اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پلے آف کیلئے کوالیفائی کرلیا ہے۔قلندرز ٹورنامنٹ سے باہر ہوچکے ہیں اب اگلے مرحلے تک رسائی کیلئے ملتان، پشاور اور کراچی میں رسہ کشی جاری ہے۔ سپر لیگ میں ملتان نے اچھا آغاز کیا لیکن وسیم اکرم ،ٹام موڈی اور شعیب ملک کا کمبی نیشن اس ٹیم کو جیت کی راہ پر نہ ڈال سکا، ٹیم اچانک اور غیرمتوقع طور پر راستہ بھٹک گئی۔ کراچی کنگز اور ملتان سلطانز جمعرات کو کھیلے جانے والے ٹورنامنٹ کے 27ویں میچ کا انتظار کریں گی جو کہ پشاور زلمی اور کراچی کنگز کے درمیان کھیلا جائے گا۔ اگر کراچی یہ میچ جیتنے میں کامیاب ہوجاتا ہے تو اسلام آباد، کوئٹہ، ملتان اور کراچی کے ساتھ پلے آفس اور ایلیمنیٹرز کی لائن اپ مکمل ہوجائے گی۔ تاہم اگر زلمی اس میچ میں کامیاب ہوگیا تو ملتان اور کراچی کو زلمی کے اگلے میچ کے نتیجے کا انتظار کرنا پڑے گا جو کہ لاہور قلندرز کے خلاف ہے۔ پلے آف کی اگلی دو ٹیموں کے لیے ملتان، کراچی اور پشاور میں سخت مقابلہ ہے تاہم ملتان کی بدقسمتی یہ ہے کہ اس نے اپنے تمام 10میچز کھیل لیے ہیں اور اس کی لاسٹ فور تک رسائی کا دارومدار کراچی اور پشاور کی پرفارمنس پر ہے۔ یعنی لاسٹ فور میں جگہ بنانے کے لیے تین ٹیموں کے درمیان اب بھی سخت مقابلہ ہے جبکہ لاہور قلندرز ایونٹ سے باہر ہوچکے ہیں اور اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پلے آف کے لیے کوالیفائی کرچکے ہیں۔ اس صورتحال لیگ میں اپنا آخری میچ ہارنے پر ملتان کے آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے ہیڈ کوچ ٹام موڈی کہتے ہیں کہ اسلام آباد کے خلاف میچ میں ہم نے خراب بولنگ کی۔ لائن لینتھ پر قابو نہ ہونے کی وجہ سے اننگز کے شروع میں دبائو نہ ڈال سکے۔ ہمیں لیوک رونکی کو کریڈٹ دینا ہوگا۔ ہمارے سینئر بولر اننگز کے آغاز میں مشکل میں تھے۔ چھٹے سے دسویں اوور میں میچ ہمارے لئے مشکل ترین ہوگیا۔ ٹام موڈی نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں تسلسل ضروری ہوتا ہے۔ ہمیں ٹورنامنٹ میں واپس آنے کے لئے تسلسل کی ضرورت ہے لیکن ہماری منزل کا انحصار اب دوسری ٹیموں کے ہاتھ میں ہے۔ ہم نے دس میچ کھیل لئے ہیں لیکن اگر ایک اور موقع مل گیا تو ٹیم کو اوپر لے جائیں گے۔ ٹام موڈی نے کہا کہ اسلام آباد کے خلاف ہمیں تیز اسٹارٹ کی ضرورت تھی۔ پولارڈ کو کریڈٹ جاتا ہے جس نے ہمیں جیت کی امید دلائی لیکن دوسرے بیٹسمین ہمت ہار گئے۔
تازہ ترین