اسلام آباد (جنگ رپورٹر) عدالت عظمٰی نے مری میں غیر قانونی تعمیرات سے متعلق کیس کی سماعت دو ہفتوں کیلئے ملتوی کر تے ہوئے قرار دیا ہے کہ شکایات کی تحقیقات کے لئے ہائی کورٹ / سیشن عدالت کے کسی ریٹائر جج پر مشتمل کمیشن تشکیل دیا جا سکتا ہے جبکہ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے ریمارکس دیئے ہیں کہ مری کے پہاڑ ملکی اثاثہ اور حسن ہیں،انہیں تباہ نہیں ہونے دیں گے، چاہتے ہیں جو تعمیرات قانون کے دائرے میں آتی ہیں انہیں ریگولرائز کردیا جائے جبکہ غیرقانونی تعمیرا ت کو گرا دیا جائے۔ تحقیقات کیلئےکمیشن بنایا جا سکتا ہے، کمیشن رپورٹ پر اعتراضات ہم سن لیں گے، چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں قائم تین رکنی بینچ نے بدھ کے روز کیس کی سماعت کی۔ مولوی انوار الحق نے کمیشن کا سربراہ بننے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ،میری بھی مری میں جائیداد ہے ، جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ آپ اپنی عمارت گرادیں،اچھے کام کی ابتدء گھر سے کرنی پڑتی ہے ، تاہم ان کے انکار پر چیف جسٹس نے کہاکہ کسی اور کا نام سو چ لیتے ہیں۔