• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت کی دولت مشترکہ رکنیت مسئلہ کشمیر کے حل سے مشروط کی جائے، جاوید صبور

وٹفورڈ (نمائندہ جنگ)ممتاز کشمیری رہنما اور پی پی پی کی مرکزی شخصیت ڈاکٹر جاوید صبور نے برطانوی وزیراعظم تھریسامے سے مطالبہ کیا ہے کہ اگلے ماہ 16اپریل کو ہونے والے دولت مشترکہ کے اجلاس میں بھارت کی رکنیت مسئلہ کشمیر کے حل سے مشروط کی جائے۔ نمائندہ جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر برطانیہ کا پیدا کردہ ہے۔ حکومت برطانیہ پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ انسانی حقوق کا احترام کرتے ہوئے بھارت کی مسئلہ کشمیر حل ہونے تک دولت مشترکہ کی رکنیت معطل کرائے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں برطانیہ جیسے جمہوری ملک کو پابند کرتی ہیں کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے بھارت کیخلاف سخت اقدامات کرے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر مظلوم کشمیریوں کی بقا کا مسئلہ ہے، کشمیری عوام کے حق خودارادیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا۔ ڈاکٹر جاوید صبور نے برطانیہ کی وزیراعظم تھریسامے سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ برطانیہ میں لاکھوں کشمیریوں کی رائے کا احترام کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر بھارت کے حکمرانوں پر واضح کریں۔ جب تک بھارت مسئلہ کشمیر حل نہیں کرتا وہ دولت مشترکہ کے اجلاس میں شریک نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہا بھارت میں قائم موجودہ وزیراعظم نریندرہ مودی نےمسئلہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کیلئے پاکستان کیساتھ تعلقات منقطع کررکھے ہیں۔ بھارت کے حکمران مسئلہ کشمیر کو اپنے سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کررہے ہیں بلکہ بھارت مسئلہ کشمیر حل کرنے کے بجائے مذاکرات سے بھاگ رہا ہے اوراب یہ عالم ہے کہ بھارت کے حکمرانوں کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے سارک کانفرنس لیگ آف نیشن بن کر رہ گئی ہے۔ ڈاکٹر جاوید صبور نے وزیراعظم پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ دولت مشترکہ کے اجلاس میں مسئلہ کشمیر جرأت کیساتھ اٹھائیں، کشمیری قوم آپ کیساتھ ہے۔
تازہ ترین