کابل (خبرایجنسی ) افغان صدر اشرف غنی نے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو دورہ افغانستان کی دعوت د یتے ہوئے کہاہے کہ وزیراعظم پاکستان کو دعوت دو ریاستوں کے درمیان جامع مذاکرات کا اقدام ہے۔ ہفتے کو وزیراعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل(ر)ناصر جنجوعہ اپنے افغان ہم منصب حنیف اتمر کی دعوت پر افغانستان پہنچے جہاں انہوں نے افغان صدر اشرف غنی سے ملاقات کی اور افغانستان میں امن عمل سمیت دوطرفہ امور پر بات چیت کی۔ افغان میڈیا کے مطابق ناصر جنجوعہ نے صدارتی آفس میں صدر اشرف غنی سے ملاقات کی جس میں دونوں طرف کے وفود بھی شامل تھے۔افغان صدر اور ناصر جنجوعہ کی ملاقات میں افغانستان میں امن عمل سمیت دوطرفہ امور پر بات چیت ہوئی اور وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو دورہ افغانستان کی دعوت دی گئی۔افغان صدر اشرف غنی نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں ناصرجنجوعہ سے ملاقات کی اطلاع دی۔صدر اشرف غنی نے اپنے پیغام میں پاکستان کے وزیراعظم کو افغانستان کے دورے کی دعوت دی اور کہا کہ وزیراعظم پاکستان کو دعوت دو ریاستوں کے درمیان جامع مذاکرات کا اقدام ہے۔