کراچی (اسٹاف رپورٹر، جنگ نیوز)وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے رینجرزکو حاصل خصوصی اختیارات کی مدت میں توسیع کی منظوری دے دی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ رینجرز کے اختیارات کی مدت میں تین ماہ کی توسیع کی گئی ہے۔محکمہ داخلہ سندھ نے رینجرز اختیارات میں 60دن توسیع کی سمری بھجوائی تھی۔ وزیراعلیٰ سندھ کی منظوری کے بعد سمری وفاق کو ارسال کر دی گئی ہے۔محکمہ داخلہ سندھ کچھ دیر میں رینجرز اختیارات کا خط جاری کرے گا۔قبل ازیں وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے اسلام آباد میں ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کے بعد وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے رابطہ کیا ہے۔ جس میں رینجرز کے اختیارات، کراچی میں جاری ٹارگٹڈ آپر یشن اور امن و مان سے متعلق معاملات پر گفتگو کی گئی۔ وزیر داخلہ نے وزیر اعلیٰ سندھ کو یقین دلایا کہ وہ سندھ حکومت کے تحفظات دور کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے اور بہت جلد کراچی کا دورہ کریں گے۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ کراچی کے دورے کے سلسلے میں ہماری دعوت پہلے سے موجود ہے۔ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ رینجرز اختیارات کے حوالے سے جاری کئے جانے والے نو ٹیفیکیشن سے کراچی آپریشن کے بارے میں ایک مثبت پیغام جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ نے چوہدری نثار کو بتایا کہ رینجرز اختیارات میں توسیع کے حوالے سے حکومت سندھ وفاق کو بدھ کے روز ریکوزیشن بھیجے گی اور ہماری یہ خواہش ہے کہ رینجرز کے اختیارات میں توسیع کا معاملہ باہمی مشاورت کے ساتھ طے کیا جائے۔