• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حیدرآباد 8تا 10گھنٹے بجلی کی بندش شہری پریشان،سیاسی و سماجی تنظیموں اور تاجر وں کا سخت ردعمل

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) شہر کے درجنوں علاقوں میں 8 تا 10 گھنٹے اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سمیت صبح سے شام تک بجلی کی بندش جاری ہے، صورتحال پر سیاسی و سماجی تنظیموں اور تاجروں نے سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔حیسکو کی جانب سے موسم گرما شروع ہوتے ہی 8 تا 10 گھنٹے اعلانیہ اور غیر اعلانیہ بجلی کی فراہمی میں تعطل اورمتعدد علاقوں میں 6 تا 8 گھنٹے شٹ ڈاؤن کی وجہ سے شہری اذیت کی زندگی گذارنے پر مجبور ہیں، ہفتے اور اتوار کو پھلیلی، آٹو بھان روڈ، سحرش نگر، امریکن کوارٹرز، تلک چاڑی و دیگر علاقوں میں 8 تا10 گھنٹے اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ اور صبح 9 تا شام 7 بجے تک بجلی کی بندش رہی جس کی وجہ سے پینے کے پانی سمیت شہریوں کو مشکلات کا سامنا رہا۔حیسکو کے متعلقہ سب ڈویژنز کے مطابق شہر میں شیڈول لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے تاہم کہیں پر فنی خرابی کی وجہ سے بجلی بند ہوسکتی ہے، دوسری جانب تاجروں اور شہریوں نے بجلی کی طویل بندش کی مذمت اور سخت ردعمل اختیار کرنے کا عندیہ دیا ہے۔ حیدرآبا د چیمبر آ ف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر ضیا ءالدین نے اپنے بیان میں شمع کمرشل ایریا اور اسمال میڈیم انٹرپرائز زون میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حیدرآباد الیکٹرک سپلائی کمپنی کی طرف سے 100 فیصد بجلی کے بلوں کی ادائیگی کے باوجود غیر اعلانیہ لو ڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے جو چھو ٹے صنعتکا روں کے ساتھ زیا دتی ہے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ شمع کمرشل ایریا اور اسمال میڈیم انٹر پرائزز زون کو لو ڈشیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ چھو ٹی صنعتیں کسی بھی ملک کی معیشت کی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں، مقامی لوگوں کے روزگار کا ذریعہ ہیں، بد قسمتی سے حیسکو ان صنعتوں کے ساتھ سو تیلی ماں جیسا سلوک کر رہی ہے، جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد نے حیسکوکے خلاف سراپا احتجاج شخص کے جھلس جانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حیسکوانتظامیہ کی بدعنوانی کے خلاف عوام میں شدید ردعمل پیدا ہورہا ہے۔ ترجمان کے مطابق امیر جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد حافظ طاہر مجید اور یوتھ ونگ کے صدر ظہیرالدین شیخ نے ڈیٹکشن کے خلاف احتجاج کے دوران جھلسنے والے شخص کی عیادت کی اور اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر انہوں نےکہا کہ ایک غریب شخص جس کے دوکمرے کے گھرمیں بجلی منقطع ہے، حیسکونے پونے دو لاکھ کا بل بھیج دیا اور اسے درست کرنے پر بھی تیار نہیں، ایماندار صارفین کے ساتھ حیسکونے ظلم وستم کی انتہاکردی ہے، آنکھ بند کرکے بھاری بھرکم بل بھیجے جارہے ہیں، شکایات پرانہیں درست نہیں کیا جاتا، حیسکو کا عملہ کرپشن میں ملوث اور بجلی چوری کرانے میں مصروف ہے، ماہانہ بنیادوں پر رشوت لی جاتی ہے انھوں نے کہا کہ حیسکو کے خلاف شہریوں میں شدید ردعمل پیدا ہورہا ہے اگر حیسکو انتظامیہ اور عملہ اپنارویہ درست نہیں کرتا تو اسے شدید ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا، انسان دوست فاؤنڈیشن کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ ایک جانب قومی اسمبلی اووربلنگ کے خلاف قانون منظور کررہی ہے اور دوسری جانب حیسکو نے ناجائز ڈیٹکشن، اوور ریڈنگ اور بوگس ایم سی اوز کی بھرمار کر رکھی ہے، نہ وفاقی محتسب اعلیٰ اور نیپرا کی جانب سے دئیے گئے فیصلوں پر عمل درآمد کی جارہا ہے ہے، صارفین حیسکو دفاتر کے دھکے کھانے پر مجبور ہیں جہاں ان کا کوئی پرسان حال نہیں، وفاقی وزیر پانی و بجلی کی حالیہ کھلی کچہری میں وصول کی جانے والی شکایات کی رسید ہونے کے باوجود سب ڈویژن اور ڈویژن افسران و عملہ صارفین کو واپس لوٹا رہے ہے۔ انھوں نے کہا کہ حیسکو پھلیلی ڈویژن کا نظام انتہائی بدانتظامی کا شکار ہے۔
تازہ ترین