• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مقابلہ اسٹیٹس کو کی فورسز سے ہے، نواز زرداری ، شہباز کرپٹ ترین ہیں، عمران خان

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہاہے کہ ملک میں مہنگائی کی سب سے بڑی وجہ کرپشن ہے،ہم کسی بھی ایسی سیاسی جماعت سے الائنس نہیں کریں گے جس کی لیڈر شپ کرپٹ ہو،نواز شریف ، شہباز شریف ، آصف زرداری کرپٹ ترین ہیں ، یہ لوگ پیسہ چوری کرتے ہیں اور ملک مقروض ہوتا ہے، ’کیوں نکالا‘ والے کو چوری کرنے پر نکالا گیا، الیکشن میں ہم ملکر بدعنوان مافیا کو شکست دیں گے، ہمارا مقابلہ اسٹیٹس کو کی فورسز سے ہے ، کراچی میں قیام امن کیلئے رینجرز مستقل حل نہیں ،جب تک کراچی کے مسئلے حل نہیں ہوں گے ملک بھی ٹھیک نہیں ہوگا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف تقاریب میں صنعتکاروں ، بزنس کمیونٹی ، پی ٹی آئی کے سرگرم رضا کاروں ، کارکنوں سے خطاب اور پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر عامر لیاقت حسین ، اداکار عابد علی نے پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ تفصیلات کے مطابق پیر کو فیڈرل بی ایریا ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری دفتر میں صنعت کاروں سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ہم کسی بھی ایسی سیاسی جماعت سے الائنس نہیں کریں گے جسکی لیڈر شپ کرپٹ ہو،تمام مسائل کی جڑ ان مفاد پرست لوگوں کا سیاست میں آنا ہے جنہیں ملک سے محبت نہیں،نیب ملک سے کرپشن کے خاتمے میں کردار ادا کرسکتا ہے، کراچی میں قیام امن کیلئے رینجرز مستقل حل نہیں ،جب تک کراچی کے مسئلے حل نہیں ہوں گے ملک بھی ٹھیک نہیں ہوگا ،جو لوگ سیاست میں آکر اپنی ذات کو فائدہ پہنچاتے ہیں، وہ ادارے تباہ کرنے کے ذمہ دار ہیں۔ عمران خان نے کراچی کو ایک بار پھر لاوارث کے لقب سے پکارااور تقریر کرتے ہوئے کہا کہ میں آئندہ انتخابات میں کراچی والوں سے ایک موقع دینے کی بھی التجا کرتا ہوں، تاجر برادری کے نمائندوں کو الیکشن میں ٹکٹ دیں گے اورہم چاہتے ہیں کہ تاجر برادری الیکشن میں حصہ لیں، میئر براہِ راست منتخب ہونا چاہئے، رینجرز امن قائم کرنے کا مستقل حل نہیں، شہر میں تھانے کا نظام بہتر ہونا چاہئے، جب تک کراچی ٹھیک نہیں ہوگا، پاکستان ٹھیک نہیں ہوسکتا۔ اس موقع پر فیڈرل بی ایریا ٹریڈ انڈسٹری کے صدر بابر خان نے کہا کہ شہر میں کاروبار تباہ ہو رہا ہے، ہم چاہتے ہیں عمران خان ہمارے مسائل سنیں اور حل کیلئےکام کریں۔
تازہ ترین