• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان فٹ بال فیڈریشن کو تین لاکھ ڈالرز مل گئے

پاکستان فٹ بال فیڈریشن کو فٹ بال ہائوس کی تزئین و آرائش کیلئے تین لاکھ ڈالرز مل گئے

کراچی (شکیل یامین کانگا /اسٹاف رپورٹر) پاکستان میں فٹ بال کی بحالی کے بعد فیڈریشن کے سربراہ سید فیصل صالح حیات نے فیفا فٹ بال ہائوس لاہور کی تزئین و آرائش کیلئے ایشین فٹ بال کنفیڈریشن سے3 لاکھ ڈالر کا خصوصی فنڈ گرانٹ کرالیا بلکہ اے ایف سی اراکین کو پاکستان فٹ بال کی ترقی اور مستقبل کی حکمت عملی سے بھی سے بھی آگاہ کیا۔ ملائشیا کے دارالحکومت کوالالمپور میں اے ایف سی کا اجلاس صدر شیخ سلامن بن ابراہیم الخلیفہ کی صدارت میں ہوا جس میں ایشین ممالک کے تمام اراکین نے شرکت کی۔ پی ایف ایف کے سربراہ فیصل صالح حیات نے اجلاس میں اے ایف سی صدر شیخ سلمان بن ابراہیم الخلیفہ، جنرل سیکرٹری پی اے ایف سی داتو ونڈسر جان اور اے ایف سی کے ممبر ایسوسی ایشن ڈیپارٹمنٹ اور ایشاء بھر کی فٹ بال فیملی کا گزشتہ تین سالہ بحران میں پی ایف ایف کے اصولی موقف کا بھرپور انداز میں ساتھ دینے پر دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا جبکہ صدر ایف سی نے پاکستان میں فٹ بال کے فروغ کے لئے اپنی ہر ممکن سپورٹ کا اعادہ کیا۔ اے ایف سی ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبران نے خصوصی طور پر صدر پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے ہمت اور حوصلے کی داد دی جس کا اظہار انہوں فیفا اور پی ایف ایف کے آئین کے تحفظ کے لئے گزشتہ 3 سالہ بحران میں کیا۔ اے ایف سی ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے فیصل صالح حیات کا کہنا تھا کہ اے ایف سی مدد سے پی ایف ایف کے ہیڈ کوارٹرز کی روایتی دلکشی اور خوبصورتی کو بحال کیا جائے گا کیونکہ یہ عمارت پاکستان میں فٹ بالرز کا گھر ہے۔ اے ایف سی اجلاس کے دوران پی ایف ایف کے تباہ حال ہیڈ کوارٹرز کی عمارت کی بحالی کے لئے تین لاکھ ڈالر کے خصوصی فنڈ کا اعلان کیا اور پاکستانی فٹ بال کو مکمل طور پر سپورٹ کرنے کا اعلان بھی کیا۔ اور اس سلسلہ میں اے ایف سی چند ہی دن میں اپنا کنسلٹنٹ لاہور بھیجے گی جو نقصانات و ضروریات کا تخمینہ لگا کر ٹینڈر کے عمل کا آغاز کرے گی۔ پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے سینئر نائب صدر سید خادم علی شاہ نے اے ایف سی کے اقدام کو سراہا اور سے پاکستانی فٹ بال کیلئے خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ انشاء پاکستانی فٹ بال جلد عالمی دنیا میں اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرلے گا۔

تازہ ترین