• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مولانا فضل الرحمٰن کے ایم ایم اے کا صدر، لیاقت بلوچ کا جنرل سیکرٹری بننے کا خیر مقدم

برمنگھم(پ ر) پاکستان رابطہ کونسل کے چیئرمین مفتی فضل احمد قادری، جنرل سیکرٹری حافظ محمد ادریس، سنیئر وائس چیئرمین ڈاکٹر خرم بشیر اور وائس چیئرمین علامہ قاضی ساجد ظفر نے متحدہ مجلس عمل کی بحالی کے بعد جمعیت علماء اسلام کے امیر مولانا فضل الرحمٰن کو مجلس عمل کا مرکزی صدر اور جماعت اسلامی کے جنرل سیکرٹری لیاقت بلوچ کو جنرل سیکرٹری منتخب کرنے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان کا مستقبل اسلام پسند قوتوں اور جمہوریت کے ساتھ وابستہ ہے، دینی جماعتوں کے اتحاد کو اہل پاکستان کی توقعات پر پورا اترنا ہوگا، ماضی کی غلطیوں اور غلط فہمیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اتحاد اور یکجہتی کا مظاہرہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جو فیصلے متفقہ طور پر ہو جائیں ان پر عمل درآمد ہونا چاہئے، مجلس عمل کی بحالی پر جو فیصلہ کیا گیا تھا کہ مجلس عمل میں شامل جماعتیں حکومتسے بھی باہر آجائیں گی مناسب موقع پر اس فیصلے کی پاسداری کرنی چاہئے تاکہ عوام کے اندر اعتماد کی فضا قائم رہے، سیاست میں نفرت کو ختم کیا جائے با کردار اور کرپشن سے پاک لوگوں کی حوصلہ افزائی کی جائے، الیکشن سے پہلے ہوم ورک کیا جائے بیرون ملک پاکستانیوں کے مسائل کو بھی منشور میں شامل رکھا جائے ۔ رابطہ کونسل کے رہنمائوں نے کہا کہ جو دینی جماعتیں اس وقت مجلس عمل سے باہر ہیں ان کے ساتھ بھی مذاکرات کیے جائیں اعتماد کی ٖ فضا کو بحال کیا جائے سیاسی، معاشی اور اخلاقی کرپشن فری پاکستان مہم کو الیکشن کا حصہ بنایا جائے جب تک کرپٹ عناصر سے چھٹکارا حاصل نہیں ہوگا، اسلامی نظام کا نفاذ اور جمہوری عمل کامیاب نہیں ہوگا، صاف اور شفاف قیادت کے لیے احتساب کا کام مکمل کیا جائے تاکہ دیانتدار لوگ پارلیمنٹ میں آئیں اور ملک میں بار بار بحران پیدا نہ ہوں۔
تازہ ترین