• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

راولپنڈی میں پولیس قومی رضاکاروں کی 1130سیٹیں خالی

راولپنڈی (وسیم اختر،سٹاف رپورٹر)راولپنڈی میں پولیس قومی رضاکاروں کی 11سو30سیٹیں خالی ہیں ۔ذرائع کے مطابق راولپنڈی ضلع میں پولیس قومی رضاکاروں کی 15سوبارہ سیٹیں ہیں جب کہ اس وقت صورت حال یہ ہے کہ پورے ضلع میں صرف 382 رضاکارکام کررہے ہیں ۔پولیس قومی رضا کار پنجاب پولیس کے شانہ بشانہ صوبہ کے تمام اضلاع میں فرائض سرانجام دیتے ہیں اورپولیس نفری کی کمی کوپوراکرنے کے لئے اہم کرداراداکرتے ہیں ۔پنجاب پولیس کی طرح ان کی بھی پورے صوبے میں منظورشدہ سیٹیں ہیں۔ پولیس قومی رضاکارفورس میں بھی مختلف عہدے ہیںعام سپاہی کے طورپرکام کرنے والارضاکار کہلاتاہے جب کہ اس کے بعداے ایس آئی کے برابر رضاکارکوسیکشن کمانڈر،اس کے بعدپلاٹون کمانڈر،پھرکمپنی کمانڈراوران کاانچارج رضاکارڈسٹرکٹ کمانڈرکہلاتاہے ۔رضاکاروں کی ڈیوٹی آٹھ بجے رات سے بارہ بجے رات تک ہوتی ہے لیکن اکثرتھانوں میں ان سے سارادن کام لیاجاتاہے تاہم انہیں تنخواہ نہیں بلکہ اعزازیہ دیاجاتاہے عام قومی رضاکارکودوہزارروپے ماہانہ دئیے جاتے ہیں اوریہ فنڈبھی بسااوقات کئی ماہ بعدملتاہےانتہائی کم مشاہرہ ملنے کی وجہ سے آج کل نوجوان اس جانب آناپسندنہیں کرتے ۔اسی وجہ سے ضلع میں ایک ہزارسے زیادہ سیٹیں خالی ہیں ۔یہ لوگ امن وامان کی صورت حال ،قومی تقریبات ،مذہبی تہواروں اورمذہبی جلسوں اورجلوسوں میں بھی پولیس کے ہمراہ ڈیوٹی کرتے ہیں ۔ضرورت اس امرکی ہے کہ اس حوالے سے ازسرنواصول وضوابط مقررکرکے پولیس قومی رضاکاروں کے لئے سہولیات فراہم کی جائیں اورانہیں مناسب اعزازیہ دیاجائے ۔
تازہ ترین