جمعیت علماء اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ہمارے سیاسی، مالیاتی اور دفاعی ادارے بین الاقوامی دباؤ میں ہیں، ہمارے اداروں کو دباؤ سے نکلنے کیلئے سوچنا ہوگا۔
کراچی میں صحافیوں کے اعزاز میں دئیے گئے ظہرانے سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پاکستان میں فیصلے کہاں ہوتے ہیں سب جانتے ہیں لیکن اس کا اظہار سب سے مشکل ہے، دہشتگردی کیخلاف جنگ کا تاثر اسلام کے خلاف جنگ کاہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم اپنے اداروں سے پوچھتے ہیں وہ کس کی جنگ لڑرہے ہیں، سیاستدانوں کو چور ثابت کرنے کی کوشش کی جاری ہے، لگتا ہے 70 سے پہلے کا دور لانے کی کوشش کی جارہی ہے،یہی رویہ رہا تو آنے والی حکومت بھی مشکل میں رہے گی۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ انسانی حقوق کے تحفظ، قیام امن،خوشحال معیشت کیلئے اداروں کورویہ بدلنا ہوگا۔