• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

والدہ کی بیماری پر مریم نواز کا جذباتی پیغام

والدہ کی بیماری پر مریم نواز کا جذباتی پیغام

سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی اور ن لیگ کی رہنما مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جذباتی پیغام میں کہا ہے کہ ان کی والدہ بیگم کلثوم نواز ان کی اور ان کے والد نواز شریف کی منتظر تھیں، فون کرکے پوچھا کہ کیا آنے کی اجازت مل گئی؟ میں نے جواب دیا کہ نہیں ملی تو بیگم کلثوم نواز نے کہا کوئی بات نہیں، ہمارا اللہ مالک ہے۔

خیال رہے کہ احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کی جانب سے نیب ریفرنسز میں حاضری سے استثنیٰ کی دائر مسترد کردی ہے۔


نواز شریف اور مریم نواز نے اپنی درخواست میں 7 دن کے لیے حاضری سے استثنیٰ مانگا تھا جب کہ بیگم کلثوم نواز کی میڈیکل رپورٹ بھی درخواست کے ساتھ لگائی گئی تھی۔

درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ 26 مارچ سے ایک ہفتے کے لیے حاضری سے استثنیٰ دیا جائے جب کہ اس دوران نواز شریف کی جگہ ان کے نمائندے علی ایمل اور مریم نواز کی جگہ ان کے نمائندے جہانگیر جدون پیش ہوں گے۔

اس سے قبل مریم نواز کا احتساب عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں کہنا تھا کہ حاضری سے استثنیٰ مانگنے پرنیب کی جانب سے کہا گیا کہ پورے خاندان کاوہاں ہونا ضروری نہیں، اب جوفیصلہ کرنا ہے عدالت نے کرنا ہے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ انسان کو یاد رکھنا چاہیے کہ بیماری کا وقت کسی پر بھی آسکتا ہے ، نیب کا یہ بیان نامناسب ہے ، نیب یہ بات نہ کرتا تو بہتر ہوتا۔

تازہ ترین