شادی ایک ایسا رشتہ ہے جس میں جوڑے ایک دوسرے سے زندگی بھر محبت اور احترام کا وعدہ کرتے ہیں، تاہم ہر تقریب توقعات کے مطابق انجام نہیں پاتی۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق حال ہی میں ایک ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں تقریب کے دوران دولہا کو دلہن اور مہمانوں سے جھگڑتے ہوئے دیکھا گیا، اس ویڈیو نے سوشل میڈیا پر بحث چھیڑ دی۔
یہ ویڈیو ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر شیئر کی گئی تھی اور اس کی لوکیشن تاحال معلوم نہیں ہو سکی۔
ویڈیو میں دولہا کرسی پر بیٹھا ہے جبکہ دلہن اُس کے دائیں جانب ہار لیے کھڑی ہے، لیکن شاید مغرور دولہا اسے شرمندہ کیے بغیر ہار پہننا ہی نہیں چاہتا۔
تکبرانہ انداز میں وہ اپنے آس پاس موجود مہمانوں کو ڈانٹتا ہوا دکھائی دیتا ہے، ایسے میں ایک اور عورت اسے سمجھانے کی کوشش کرتی ہے لیکن وہ ہاتھ اُٹھا کر اسے روک دیتا ہے، پھر کیمرے کی جانب اشارہ کرتا ہے اور دلہن کی جانب سے آئے لوگوں سے کچھ کہتا نظر آتا ہے۔
ویڈیو میں موسیقی کی وجہ سے دولہا کی گفتگو نہیں سنی جا سکتی، پوسٹ کے کیپشن میں لکھا تھا کہ ’ارینج میرج ڈراؤنی ہوتی ہے، کیا ہو اگر وہ۔۔۔‘
دولہا کے رویے نے بہت سے صارفین کو تنقید پر مجبور کر دیا، ایک صارف نے لکھا کہ یہ اتنا بدتمیز ہے، اتنی اَنا کہ دلہن والوں کو شرمندہ کر دیا۔
ایک اور نے کمنٹ کیا کہ لگتا ہے کسی مطالبے کے لیے شادی کو روکا ہوا ہے۔
ایک تبصرہ یہ تھا کہ ارینج میرج کرنے والے عزت سے پیش آتے ہیں اور ایک دوسرے سے محبت کرنے لگتے ہیں، خاص طور پر اس عمر میں، یہ انا پرست اور غلط صحبت والے لڑکے ہوتے ہیں جنہیں صحیح طریقے سے برتاؤ کرنے کی تمیز ہی نہیں سکھائی گئی۔
ایک صارف نے پوچھا کہ اس میں کس بات کا اتنا ایٹیٹیوڈ ہے؟
ایک اور نے امید ظاہر کی کہ دلہن نے اپنے حق میں فیصلہ کیا ہو گا۔
تبصرے میں لکھا تھا کہ امید ہے وہ وہاں سے چلی گئی ہو اور ساری زندگی اسے اس ڈرامے باز کو برداشت نہ کرنا پڑا ہو۔