اسلام آباد(نمائندہ جنگ)پاکستان مسلم لیگ ن یوتھ ونگ کے سربراہ کیپٹن (ر)محمد صفدر نے کہا ہے کہ28جولائی کو وزیر اعظم کی نا اہلی کےفیصلے کا یہ اثر ہوا ہے کہ ڈالر قابومیں نہیں آ رہا، شوکت عزیز اورظفر اللہ جمالی جیسے وزیر اعظم ہوں تووہ سب کو قبول ہوتے ہیں۔ شیخ رشید نے کس کے کہنے پر آئین توڑنے کی باتیں کیں؟ آج ڈالر 116 کا ہو گیا ہے اب اسحاق ڈار کی یاد آتی ہے، جمعرات کو احتساب عدالت کے باہر صحافیوں سے گفتگو کے دوران صحافی نے سوال کیا کہ حکومت تو آپ ہی کی ہے جس پر کیپٹن صفدر بولے کے جی ہماری حکومت ہے اسی لیے ہم عدالت میں کھڑے ہیں۔ شیخ رشید نے آئین توڑ کر جوڈیشل مارشل لاء لگانے کا مشورہ دیا اور جو شخص آئین توڑنے کی بات کرے کیا وہ پاکستانی ہے؟انہوں نے کہا کہ شیخ رشید کے بیان پر سپریم کورٹ کو ازخود نوٹس لینا چاہیے۔ شیخ رشید نے کس کے کہنے پر آئین توڑنے کی باتیں کی ہیں؟ شیخ رشید مشرف کی آغوش میں رہےاس لئے وہ آئین اور جمہوریت شکن بن چکے ہیں ۔