لندن (وقار زیدی ) پاکستان کی قومی اسمبلی کے سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ آج برطانیہ آکر مجھے موقع ملا ہے کہ پاکستان کے قومی دن کے پر کشمیریوں پر بھارتی مظالم سےدنیا کو آگاہ کیا جائے۔ بھارتی جارحانہ طرزعمل کی وجہ سے خطے کے امن و سکون کو خطرات لاحق ہیں۔ پاکستان کی ترقی کیلئے ووٹ اور پارلیمنٹ کے تقدس کا خیال رکھنا ہوگا، نوازشریف بہادر انسان ہیں، انہیں انسانیت کے ناطے اپنی اہلیہ کی عیادت کیلئے لندن آنے کی اجازت دی جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز لندن میں پاکستانی ہائی کمشنر سید ابن عباس کی طرف سے دیئےگئے یوم پاکستان کے استقبالیہ میں خصوصی شرکت کے موقع پر میڈیا کے سوالوں کے جواب میں کیا۔ سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کا کہنا تھا کہ نگراںحکومت کیلئے میں نے اپنے چیمبر میں وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کی دو ملاقاتیں مشاورت کیلئے کرائی ہیںجبکہ اپوزیشن لیڈر اپنے دوسرے ساتھیوں سے بات چیت کر رہے ہیں۔ ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ شیخ میرے دوست ہیں لیکن وہ گزشتہ برسوں سے ہماری حکومت کی رخصتی کے مختلف ٹائم دے چکے ہیں لیکن اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ہماری حکومت چل رہی ہے۔ سپیکر ایاز صادق نے کہا مزید کہا کہ پاکستان اگر دنیا میں ترقی اور خوشحالی چاہتا ہے تو وہاں جمہوری عمل کو پروان چڑھانا اور ووٹ اور پارلیمنٹ کے تقدس کا خیال رکھنا ہوگا۔ ایاز صادق نے کہا میاں نواز شریف بہادر اور نڈر لیڈر ہیں وہ پاکستان چھوڑ کر کہیں نہیں جائیںگے، اس وقت ان کی اہلیہ طبیعت کی ناسازی کے باعث لندن میں ہیں۔ انسانیت کا تقاضا ہے کہ سابق وزیراعظم کو اپنی اہلیہ ( بیگم کلثوم نواز ) کی عیادت کیلئے لندن آنے کی اجازت ملنی چاہئے۔