ٹھٹھہ(نامہ نگار) ڈاکو ٹرک ڈرائیور اور کلینر سے ہزاروں روپے لوٹ کر فرار۔ مزاحمت پر تشدد، واقعے کے خلاف احتجاج۔ تفصیلات کے مطابق غلام اللہ تھانہ کے حدود میں بیر واہ اسٹاپ کے مقام پر علی الصباح نامعلوم مسلح ملزمان نے غلام اللہ سے کوئٹہ ٹماٹر لیجانے والے ٹرک کو اسلحہ کے زور پر روک کر ڈرائیور دلدار اور کلینر فضل ربی خان سے 20 ہزار روپے اور موبائل فون چھین لیا جبکہ مزاحمت کرنے پر ڈرائیور اور کلینر کو تشدد کا نشانہ بنا کر فرار ہوگئے۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر ٹماٹر کے اڈوں کے مالکان، مزدور اور شہری جائے وقوع پر پہنچے اور بعد ازاں ٹھٹھہ غلام اللہ روڈ پر دھرنا دیکر احتجاج کیا، مظاہرین نے پولیس کے خلاف نعرے لگائے اور ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ بعد ازاں پولیس نے ملزمان گرفتار کرنے کی یقین دہانی کرائی جس پر مظاہرین منتشر ہوگئے۔