ملتان(سٹاف رپورٹر) ریجنل پولیس آفیسر محمد ادریس احمد سے مرکزی انجمن تاجران شجاع آباد کے عہدیداروں نے ملاقات کی ۔اس موقع پر ریجنل پولیس آفیسر نے کہا کہ تاجر معاشرے میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں ، ان کی حفاظت اور سکیورٹی پولیس کی ذمہ داری ہے اور پولیس کی طرف سے سکیورٹی امور پر ایس او پی کے مطابق من و عن عمل کیا جائے گا ۔انہوں نے تاجروں کو ہمہ قسم سکیورٹی کی یقین دہانی بھی کرائی ، اس موقع پر صدر مرکزی انجمن تاجران شجاع آباد حاجی محمد اختر قریشی نے ریجنل پولیس آفیسر کو شجاع آباد بینک ڈکیتی کے ملزمان ٹریس کرنے پر مبارکباد دی ، ملاقات کرنے والوں میں حاجی محمد اختر قریشی صدر مرکزی انجمن تاجران ،خواجہ محمود الحق جنرل سیکرٹری مرکزی انجمن تاجران ،خواجہ ضیا الحق جنر ل کونسلر ،احمد حسن قریشی سیئنر نائب صدر مرکزی انجمن تاجران ،حافظ محمد طیب صدر صرافہ ایسویسی ایشن ،مشتاق احمد قریشی صدر مین بازار ،محمد یعقوب قریشی ودیگر شامل تھے۔ دریں اثنا آر پی او ملتان محمد ادریس احمد نے یوم پاکستان پر رضا کارانہ خون کا عطیہ دینے والے پولیس اہلکار وں سے ملاقات کی اس موقع پر آر پی او نے انہیں تعریفی سرٹیفکیٹ بھی دیئے ،خون کا عطیہ تھیلیسمیا کے متاثرہ بچوں کے لئے دیا گیا۔