• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزارت داخلہ پر اعتماد نہیں، مشرف نے واپسی موخر کردی، مکمل تحفظ دیں گے، وزیر داخلہ

اسلام آباد( طاہر خلیل+ ایوب ناصر )وزارت داخلہ پر اعتماد نہیں پرویز مشرف نے واپسی موخر کردی، اس حوالے سے وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ سابق صدر پرویز مشرف کو سکیورٹی کا بہانہ بنا کر پاکستان آنے کا ارادہ موخر نہیں کرنا چاہیے، پاکستان آمد پر پرویز مشرف کو قانون کے مطابق سکیورٹی کی ذمہ داریاں پوری کریں گے،سیکورٹی سے متعلق مشرف کے خدشات بے بنیاد ہیں،سابق صدر بلا جھجک وطن واپس آنے کا فیصلہ کریں۔ پیر کو مقامی ہوٹل میں تین روزہ اسپر نگ فیسٹیول کے انعقاد کے سلسلے میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ پرویز مشرف کو کیا خوف ہے اس کے بارے میں وہی جواب دینے کے مجاز ہیں، وزیرداخلہ نے کہاکہ چھ، سات اور آٹھ اپریل کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں تین روزہ اسپرنگ فیسٹیول شروع ہوگا، وفاقی وزیر نے صحافیوں کے سوالوں کے جواب میں کہاکہ روات سے فیض آباد تک میٹرو بس سروس کا منصوبہ اگلے سال کے ترقیاتی پروگرام کا حصہ بنے گا، وفاقی دارالحکومت میں پانی کی کمی پر قابو پانے کےلئے 30 کروڑ روپے دئیے جارہے ہیں جس سے پانی پائپوں کی لیکج، ٹیوب ویلوں کی مرمت اور ٹینکرز کی مرمت کاکام کیا جائے گا، پانی کی کمی پوری کرنے کےلئے غازی بھروتھا کے منصوبے پر کام ہورہا ہے، فنڈز میسر آتے ہی عملی کام کا آغاز ہوجائے گا۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ اپریل میں وفاقی دارالحکومت میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کا سنگ بنیاد رکھیں گے جس کی ایک ڈیڑھ سال میں تعمیر مکمل ہوجائے گی اور پمز اورپولی کلینک سے مریضوں کا دبائو کم کرنے میں مدد ملے گی، اسلام آباد جیل کی تعمیر تکمیل کے مراحل میں ہے، وفاقی دارالحکومت ہر سال نیشنل گیمز کا میزبان بنتا ہے۔
تازہ ترین