• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
گول کیپر ثاقب حنیف سے مالدیپ فٹ بال کلب کا معاہدہ

پاکستانی فٹ بال کی فیفا سے رکنیت کی بحالی کے بعد قومی کھلاڑیوں کا بین الاقوامی سفر بھی شروع ہوگیا اور مایہ ناز قومی گول کیپر ثاقب حنیف سے مالدیپ کے کلب نے بھاری معاوضے پر معاہدہ کرلیا۔

ثاقبحنیف منگل 27 مارچ کی شب مالدیپ روانہ ہوں گے جہاں اپریل میں شروع ہونے والی لیگ کے سیزن 2018میں حصہ لیں گے۔ خیبر پختونخواہ کے شہر بنوں سے تعلق رکھنے والے قومی ٹیم کے مایہ ناز گول کیپر ثاقب حنیف اس سے قبل بھی بی جی اسپورٹس ایف سی کی جانب سے مالدیپ میں ہونے والی پروفیشنل لیگ کے سیزن 2016اور 2017میں حصہ لے کر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کر چکے ہیں۔

پی ایف ایف کا کنٹرول فیصل صالح حیات کے ذمہ نہ کرنے پر 2017کے اواخر میں فیفا نے پاکستان فیڈریشن کی عالمی رکنیت معطل کر دی تھی جس سے پاکستان کے فٹ بال کھلاڑیوں پر بین الاقوامی فٹ بال کے دروازے بند ہو گئے تھے۔ 27 فروری 2018ء کو لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے پاکستان فٹ بال فیڈریشن کا چارج فیصل صالح حیات کو ملنے کے بعد عالمی سطح پر پاکستانی کھلاڑیوں کے بین الاقوامی سفر کا بھی آغاز منگل سے ہوگیا۔

روانگی سے قبل ثاقب حنیف نے پی ایف ایف کے سربراہ فیصل صالح حیات سے ملاقات کی اور بتایا کہ پاکستان کے کھلاڑیوں کو بین الاقوامی سطح پر جو مواقع مل رہے اس میں پی ایف ایف کی بہتر پالیسیوں اور صدر سید فیصل صالح حیات کی دلچسپی کا بڑا عمل دخل ہے اور ان کی فٹ بال کی ڈویلپمنٹ کے لئے خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہیں۔

فیصل صالح حیات نے ثاقب حنیف کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انھیں معاہدے کی مبارک باد دی اور کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ جلد سے جلد ہمارے تمام باصلاحیت کھلاڑیوں کو مختلف ممالک میں پروفیشنل فٹ بال کھیلنے کے مواقع مل سکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر 2015میں حکومتی سرپرستی میں پی ایف ایف کے معاملات میں مداخلت نہ کی جاتی تو گزشتہ 3سال میں ہمارے کئی ایک ہونہار فٹ بال کھلاڑی خاطر خواہ رقوم کے عوض بین الاقوامی پروفیشنل فٹ بال کلبز میں کھیل رہے ہوتے۔

تازہ ترین