اسلام آباد (نیوز رپورٹر) مرکزی نائب امیر جماعت اسلامی سابق ممبر قومی اسمبلی میاں محمد اسلم نے کہا ہے کہ سی ڈی اے کی جانب سے 30سال قبل ای بارہ کیلئے ایکوائر کی گئی زمین کے مالکان کو حقوق کی عدم ادائیگی اور الاٹیز کو متعلقہ زمین کا قبضہ نہ دینا بدترین مجرمانہ غفلت ہے۔ زمین کی نشاندہی کے انتظار میں 1300افراد وفات پا چکے ہیں‘ جو جوان تھے آج وہ بڑھاپے کو پہنچ چکے ہیں۔ وہ متاثرین ای بارہ کے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کر رہے تھے۔ اُنہوں نے کہا کہ 1985ء میں ایکوائر کئے گئے سیکٹر کو 33سال میں ڈیویلپ اور ادائیگیاں نہ کرنا افسوسناک ہے۔۔ اس موقع پر تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی اسد عمر نے بھی خطاب کرتے ہوئے متاثرین کو یقین دلایا کہ اُنہیں انصاف دلایا جائیگا۔