برسلز(عظیم ڈار)پاکستان مسلم لیگ ن بلجیم کے صدر حاجی پرویز اقبال نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستانی قوم کو صحت مند معاشرے کے لیے ہسپتالوں، تعلیمی سرگرمیوں اورخفظان صحت کے اصولوں پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے۔انہوں نے چیف جسٹس آف پاکستان کو عندیہ دیا کہ وہ ملک بھر کے تمام سرکاری و غیر سرکاری ہسپتالوں پر توجہ دیں جہاں بہت سے لوگ طبی سہولیات کی عدم فراہمی کے باعث موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں۔انھوں نے کہا کہ پنجاب ،سندھ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں ہسپتالوں کی حالت قابل رحم ہے اور غیر معیاری ادویات اور عطائی ڈاکٹروں نے میڈیکل کے شعبے کو بدنام کررکھا ہے انہوں نے کہا کہ چھوٹی عدالتوں میں دیوانی اور دیگر جرائم کے کیسز کو کئی کئی سال لٹکا دیا جاتا ہے انصاف کے تقاضے پورے نہ ہونے کی وجہ سے قوم مایوسی کا شکار ہےلہٰذا قانون میں بہتر خطوط پر قانون سازی کی اشد ضرورت ہےحاجی پرویز نے مزید کہا کہ قائد عوام میاں محمد نواز شریف نے ہمیشہ اصولی سیاست کی اور قانون کی بالادستی کو قائم رکھتے ہوئے نیب عدالت میں اپنے آپ کو پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ میاں محمد نواز شریف نےکبھی بھی قومی خزانے کو نہ نقصان پہنچایا اور نہ ہی لوٹابلکہ جن سیاستدانوں نے قومی خزانے کو لوٹا اور ملکی معیشت کو نقصان پہنچایا ان کو کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ میاں محمد نواز شریف اور انکے خاندان کے ساتھ امتیازی سلوک نہ کیا جائے اور نہ ہی انہیں انتقام کا نشانہ بنایا جائے اور نہ ہی کوئی غیر آئینی معاہدہ کر کے انہیں جلاوطن کیا جائے۔