اسلام آباد(صباح نیوز)پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اعتزاز احسن نے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور چیف جسٹس کی ملاقات کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ ʼاس ملاقات میں وزیر اعظم،چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کو کچھ دیکر نہیں بلکہ ان سے بہت کچھ لیکر آ ئے ہیں اور ان کی چیف جسٹس کے ساتھ دو گھنٹے طویل ملاقات سپریم کورٹ کو مشکل میں لے آئے گی۔ایک انٹرویو میں اعتزازاحسن کا کہناتھاکہ ʼمیں اس ملاقات کو تحسین کی نگاہ سے نہیں دیکھ رہا ہوں، یہ نہیں مانا جاسکتا کہ شاہد خاقان عباسی،نواز شریف کی مرضی کے بغیر چیف جسٹس میاں ثاقب نثار سے ملنے گئے ہوں بلکہ میں یہ سمجھتا ہوں کہ وہ نواز شریف کی ہدایت ہی پر چیف جسٹس سے ملنے گئے تھے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف کا اس ملاقات سے متعلق لاعلمی کا بیان محض تحریری (اسکرپٹڈ) ہے جبکہ یہ تمام معاملہ ایک خاص منصوبہ بندی کے تحت طے پایا تھا ‘نواز شریف اور شاہد خاقان عباسی ’’گڈکاپ بیڈ کاپ ‘‘والا کھیل کھیل رہے ہیں۔