اسلام آباد (ایجنسیاں )قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور پیپلز پارٹی کے رہنما سید خورشید شاہ نے وزیراعظم اور چیف جسٹس کے درمیان ملاقات کی تفصیل جاری کرنے کا مطالبہ کردیا۔ٹی وی رپورٹ کے مطابق خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ ʼیہ ہو ہی نہیں سکتا کہ دو گھنٹے جاری رہنے والی ملاقات میں صرف کچرا، پانی اور گیس کے مسائل پر بات ہوئی ہو۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ ملاقات کی تفصیل جاری کی جائے اور قوم کو حقائق سے آگاہ کیا جائے ۔سکھرسے بیورورپورٹ کے مطابق واری تڑ کے علاقہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے خورشیدشاہ کا کہناتھاکہ آج کی سیاست نے ہمیں بیمار کردیا ہے‘ بدقسمتی سے نوجوان ایسی سیاسی جماعت کے سلوگن میں پھنس گئے ہیں کہ ان کے لئے بس دعا ہی کرسکتا ہوں اور کچھ نہیں کر سکتا‘ حکمراں اپنے مسائل میں الجھے ہوئے ہیں،آج کے لیڈر گالم گلوچ ‘اداروں پر حملے کرتے ہیں، مجھے کیوں نکالا کہتے ہیں،سیاستدانوں کے پاس عوام کے لئے کوئی سوچ نہیں‘سیاست خدمت کی خاطر کی جاتی ہے، اقتدار کے لئے کی جانیوالی سیاست سیاست نہیں ہوتی بلکہ لوٹ مار ہوتی ہے۔اپوزیشن لیڈر نے مزیدکہاکہ کچھ لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ وہ عوام کو آسانی سے بے وقوف بناسکتے ہیں، میںنوجوانوں سے ہاتھ جوڑ کر معذرت کے ساتھ کہتا ہوں کہ 70ء کی دہائی کے لوگ آپ سے زیادہ عقلمند اور باشعور تھے‘موجودہ حکومت کی ناکام پالیسیوں کے سبب معیشت پر ایسی تباہی آئی ہے کہ اب پیدا ہونیوالا ہربچہ ایک لاکھ 25ہزار کا مقروض ہے، جب بچہ پیدا ہوتا ہے تو اس کے کان میں اذان کی آواز کے ساتھ یہ بتایا جاتا ہے کہ تم ایک لاکھ 25ہزار کے مقروض ہو۔