• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کشمیر،فلسطین میں بھارتی اور اسرائیلی مظالم کھلی دہشتگردی ہے، فضل الرحمان

اسلام آباد (این این آئی)امیر جے یو آئی (ف) مولانا فضل الرحمٰن نے کشمیراورفلسطین میں بھارتی اور اسرائیلی مظالم کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے کھلی دہشت گردی قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ کشمیر میں مظالم پر عالمی ادارے خاموش تماشائی کا کردار ادا کرکےبھارت کا ساتھ دے رہے ہیں، بروقت انتخابات ہی تمام مسائل کا حل ہیں، اتوار کو جے یو آئی کی مرکزی مجلس شوری کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ کشمیر میں چلنے والی تحریک کو گولی کے زریعے دبانا اب بھارت کے بس میں نہیں،انہوں نے فلسطین میں ہونے والے مظالم کی بھی شدیدترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اپنے حقوق کی خاطر جنگ لڑنے والوں پر گولیوں کی بوچھاڑ ہورہی ہے اور عالمی ادارے خاموش تماشائی کا کردار ادا کررہے ہیں، شوری نے بھارتی اور صیہونی مظالم کی شدید مذمت کی اور عالمی اداروں پر زور دیا کہ ان مظالم کو بند کروانے میں اپنا حقیقی کردار ادا کرے، اسلامی سربراہی کانفرنس بھی مسلمانوں کے تحفظ کیلئے فوری اقدامات بروئے کار لائے۔مولانا فضل الرحمن نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جے یو آئی بروقت انتخابات کرانے کی حامی ہے،بروقت انتخابات ہی تمام مسائل کا حل ہیں، آئندہ انتخابات متحدہ مجلس عمل کے پلیٹ فارم سے کتاب کے نشان پر لڑیں گے۔ایم ایم اے آئندہ انتخابات میں سیکولر قوتوں کو شکست فاش دے گی۔ اجلاس آج بھی جاری رہے گا۔
تازہ ترین