• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلوچستان حکومت کا کوئٹہ سیف سٹی پراجیکٹ مقررہ وقت میں مکمل کرنے پر اتفاق

کوئٹہ (نمائندہ جنگ) وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی زیر صدارت صوبے میں جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت سے متعلق پیر کو اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔ کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے خصوصی طور پر اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ گذشتہ دوسال سے تعطل کا شکار کوئٹہ سیف سٹی پروجیکٹ پر تمام ابتدائی کام مکمل ہوچکا ہے اور اس منصوبے پر چند روز میں کام کا باقاعدہ آغاز کیا جائے گا۔ اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ کوئٹہ سیف سٹی اپنی نوعیت کا اہم منصوبہ ہے جسے مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ضرورت ہے جبکہ منصوبے کا آغازسریاب اور شہر کے ان حصوں سے کیا جائے گا جہاں امن وامان کا زیادہ مسئلہ ہے۔ وزیراعلیٰ نے تمام متعلقہ اداروں کے حکام کو ہدایت کی کہ کوئٹہ سمیت صوبے کے تمام حصوں میں جاری ترقیاتی منصوبے صرف کاغذوں پر نہیں بلکہ زمین پر نظر آنے چاہئیں تاکہ ان کے ثمرات سے عوام استفادہ کرسکیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ امن وامان کے قیام کے لئے، کوئٹہ سیف سٹی منصوبے کی تکمیل سے کوئٹہ شہر میں دہشت گردی اور دیگر جرائم میں غیر معمولی کمی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ سیف سٹی منصوبے کی وقت مقررہ میں تکمیل کے ساتھ ساتھ اس کے معیار کو یقینی بنایا جائے۔
تازہ ترین