• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

زرداری ،نیازی گٹھ جوڑ کا مقصد اقتدار کی کرسی ہے،شہبازشریف

 لاہور (نمائندہ جنگ) وزیراعلیٰ پنجاب و صدر مسلم لیگ ن محمدشہباز شریف نے کہا ہے کہ کسانوں کےفلاحی پروگرام پاکستان بھر میں پھیلائیں گے،زرداری ،نیازی گٹھ جوڑ کا مقصدعوام کی خدمت نہیں، اقتدار کی کرسی ہے اور نیازی نے زرداری سے گٹھ جوڑ کرکے ایک بار پھر یو ٹرن لے لیا ہے، عوام نے الیکشن میں مسلم لیگ (ن) پر دوبارہ اعتماد کا اظہار کیا تو کسانوں کی فلاح و بہبود کے پروگرام پاکستان بھر میں پھیلائیں گے، کاشتکار کی خوشحالی ہی پاکستان کی خوشحالی ہے،مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے صوبہ بھر میں سکول ، کالج اور ہسپتال بنانے کے ریکارڈ قائم کئے ہیں۔مخالفین جتنے مرضی اتحاد کرلیں، پاکستان کے باشعور عوام عام انتخابات میں انہیں مسترد کردیں گےشہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے ان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور ، کاشتکاروں کو ریلیف کی فراہمی کے پروگرامز، ترقیاتی منصوبوں اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہم نے پنجاب کے عوام کی زندگیوں میں بہتری کیلئے انقلابی پروگرامز پر عملدرآمد کیا ہے اور کاشتکاروں کی فلاح و بہبود کیلئے تاریخ میں پہلی باراربوں روپے کا کسان پیکیج دیا گیا ہے۔ ہماری حکومت کی جانب سے کاشتکاروں کی فلاح و بہبود کیلئے اقدامات کی مثال پاکستان کی 70سالہ تاریخ میں نہیں ملتی۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم اور صحت کے میدان میں ترقی کے سفر کو آئندہ پاکستان بھر میں لے کر جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مخالفین جتنے مرضی اتحاد کرلیں، پاکستان کے باشعور عوام عام انتخابات میں انہیں مسترد کردیں گے۔ دھرنا گروپ کی عوام دشمن پالیسیاں پوری قوم کے سامنے آشکار ہوچکی ہیں۔وزیر اعلی ٰ سے پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخواکے صدر اور وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور انجینئر امیر مقام نے بھی ملاقات کی -ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا- شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ جھوٹ کی منفی سیاست کرنے والوں نے اپنے صوبے خیبر پختونخوا کا حلیہ بگاڑ کر رکھ دیا ہے -ان عناصر نے پانچ بر س کے دوران ترقی اور خوشحالی کے سفر میں جان بوجھ کر رخنہ ڈالا - انہوں نے کہا کہ عمران نیازی نے کرپشن کے بادشاہ کو گلے لگا کر سیاسی قلابازی لگائی ہے -خیبر پختونخوا کے عوام جھوٹ بولنے والوں کو آئندہ الیکشن میں مسترد کر دیں گے - خیبر پختونخواہ کے عوام نے آئندہ الیکشن میں مسلم لیگ (ن) پر اعتماد کیا تو اس صوبے کو بھی پنجاب کی طرح ترقی یافتہ بنائیں گے - امیر مقام نے کہا کہ وزیر اعلی شہباز شریف نے عوامی خدمت کے نئے ریکارڈ قائم کئے ہیں - انہوں نےاپنی محنت اور ویژن کے ذریعے پنجاب کو ترقی یافتہ صوبہ بنا دیا ہے -شہبازشریف کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیراعلیٰ نے گندم خریداری مہم برائے سال2018ء کی منظوری دی۔وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت کاشتکاروں سے 40لاکھ ٹن گندم خریدے گی اور کاشتکاروں سے 1300روپے فی من کے حساب سے گندم خریدی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ کاشتکار وں کو باردانہ ان کی دہلیز پر فراہم کیا جائے گااورپنجاب حکومت کے اس منفرد اقدام سے چھوٹے کاشتکار کو بے پناہ فائدہ پہنچے گا۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ کاشتکاروں کو باردانہ ان کی دہلیز پر فراہمی کیلئے شفاف اورفول پروف نظام وضع کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ چھوٹے کاشتکاروں کے حقوق کے تحفظ کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز ایل ڈی اے محمد سہیل جنجوعہ کے وا لد کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسو س کا اظہار کیا ہے-سوگوار خاندان کے نام اپنے تعزیتی پیغام میں وزیراعلیٰ نے دعا کی ہے کہ اللہ تعالی مرحوم کی روح کو اپنی جوار رحمت میں جگہ دے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے ۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ سینیٹر شاہین خالد بٹ کی رہائش گاہ پرگئے اور شاہین خالد بٹ سے ان کی والدہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ نے مرحومہ کی روح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی۔
تازہ ترین