• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی پی مزدوروں اور غریبوں کی مدد گار جماعت ہے،سید ناصر حسین

ڈہرکی(نامہ نگار ) پی پی مزدور وں اور غریبوں کی مددگار جماعت ہے جس کے قائد شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ملک میں سب سے پہلے مزدور ریلیف پالیسی جاری کر کے مزدور دوستی کا سچا ثبوت دیاتھا اورآج بھی پی پی اپنے قائد کے اسی روشن ویژن پر قائم رہتے ہوئے پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ کے حکم پر سندھ بھر کے شہروں اور قصبوں کی طرح آج ڈہرکی میں بھی مزدور بھائیوں کو ریلیف اور صحت کی اچھی سہولتیں فراہم کرنے کے لئے ہم نے 15کروڑ کی بھاری لاگت سے جدید 25بستروں پر مشتمل سوشل سیکورٹی اسپتال قائم کرکے سچی مزدور دوستی کا کھلا ثبوت پیش کر دیا ہے کیوں کہ پی پی عوام سے جو وعدے کرتی ہے اس کو پورا بھی کرتی ہے۔ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیرلیبراینڈہیومن ریسورسز سید ناصر حسین شاہ نے سوشل سیکورٹی اسپتال کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب کے شرکاء اور صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ پی پی ایک مضبوط سیاسی ڈھانچہ رکھنے والی عوامی پارٹی ہے اور اس کے لوگوں کے ٹوٹنے اور توڑنے کی باتیں کرنے والے پی پی کے سیاسی مخالف خوابوں کی جنت میں رہتے ہیں۔انہوں نے کہا پی پی تو مزدوروں کی فلاح و بہبود کے لئے بہت کچھ کرنا چاہتی ہے مگر بد قسمتی سے اس مد میں وفاق ورکرز ویلفیئربورڈ کے فنڈ سندھ کو نہیں دے رہا جس کے لئے ہمیں مشکلات پیش آرہی ہیں مگر پھر بھی ہم وفاق سے مسلسل رابطہ میں ہیں اور رکے ہوئے فنڈز کے حصول کے لئے ہم کوشش جاری رکھے ہوئے ہیں جس کے حصول کے بعد سندھ حکومت مزدوروں کے لئے مذید بہتر اسکیمیں اور پروجیکٹس لائے گی۔انہوں نے کہا کہ سندھ بھر بہت زیادہ لوڈشیڈنگ ہے جس سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے کیونکہ لوگ بجلی بند ہونے کی وجہ سے پانی تک کو ترس جاتے ہیں اور اسکولوں کے طلبہ کو پریشانی کا سامنا رہتاہے جس کے لئے سندھ حکومت جلد ہی سندھ بھر کے اسکولوں کو سولر سسٹم پر منتقل کرے گی۔
تازہ ترین