• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہباز شریف نے 38کلو میٹر طویل راولپنڈی رنگ روڈ کےلئے 42ارب کے فنڈز نئے بجٹ میں مختص کر دیئےدو سال میں مکمل ہوگی

اسلام آباد (حنیف خالد) وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے راولپنڈی رنگ روڈ کیلئے 42ارب روپے کے فنڈز نئے بجٹ میں مختص کر دیئے۔ رنگ روڈ 38کلومیٹر طویل ہو گی اور اسکی تعمیر صرف 2سال میں مکمل کرنے کا پلان تیار کر لیا گیا ہے۔ رنگ روڈ بننے سے جی ٹی روڈ کے ذریعے آزاد کشمیر‘ ہزارہ ڈویژن‘ خیبر پختونخوا‘ فتح جنگ‘ میانوالی‘ کوہاٹ‘ بنوں جانے والے ٹریلر‘ ٹرک‘ بسیں‘ مسافر گاڑیاں روات سے اسلام آباد کے اندر داخل ہوئے بغیر اپنی منزل کی طرف رنگ روڈ کے ذریعے جایا کریں گی جس سے روات سے ائرپورٹ چوک‘ فیض آباد چوک‘ آئی جے پرنسپل روڈ‘ پشاور روڈ‘ کشمیر ہائی وے پر سالانہ کئی کروڑ گاڑیوں کو آنے جانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔ روات سے اسلام آباد ہائی وے اور زیرو پوائنٹ سے آئی جے پی روڈ پشاور روڈ تک ان لاکھوں گاڑیوں کے رش سے بچ جایا کریں گی۔ راولپنڈی اسلام آباد کے شہریوں کی زندگی جو ٹریفک جام کی وجہ سے روزانہ گھنٹوں تک اجیرن ہو چکی ہے‘ ان کو بڑی حد تک سہولت ملے گی۔ راولپنڈی اسلام آباد میں ٹریفک کا اژدہام بڑھنے کی بجائے تیزی سے کم ہو جائیگا اور آزاد کشمیر‘ ہزارہ ڈویژن‘ گلگت بلتستان‘ خیبر پختونخوا‘ فاٹا آنے جانے والوں کو کئی گھنٹوں کی مسافت اضافی نہیں کرنا پڑے گی۔ راولپنڈی اسلام آباد کے عوام اور شمالی علاقوں کے لوگوں کیلئے یہ وزیراعلیٰ شہباز شریف کا ناقابل فراموش تحفہ گردانا جاتا رہے گا۔ راولپنڈی رنگ روڈ پر نئے مالی سال 2018-19ء میں کام شروع کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔ اس کیلئے پنجاب کے صوبائی بجٹ میں 42ارب روپے مختص کر دیئے گئے ہیں۔ یہ رنگ روڈ 2سال میں مکمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ مندرہ روات کے درمیان جی ٹی روڈ پر بائیں ہاتھ سے رنگ روڈ شروع ہو کر موٹر وے (ایم 2) کے ٹھلیاں انٹرچینج تک یہ رنگ روڈ جائیگی۔ اسکی لمبائی سوا 38کلومیٹر ہو گی۔ یہ رنگ روڈ روات کے جنوب میں دس کلومیٹر فاصلے پر جی ٹی روڈ سے شروع ہو گی۔ اس کا نکتہ آغاز جی ٹی روڈ پر واقع موضع بانٹھ ہو گا۔ یہ رنگ روڈ روات سے مغرب سے ہوتی ہوئی روات چک بیلی روڈ کے قریب موضع میرا موہڑہ اور بسالی کے ساتھ سے گزرے گی۔ یہ رنگ روڈ موضع للہ‘ کمال پور‘ تراہیا‘ ڈھاپیا‘ خصالہ خورد‘ اڈیالہ روڈ کے ساتھ ساتھ چلے گی جہاں سے رنگ روڈ شمال مغرب کی سمت ہو جائیگی اور چکری روڈ کو کراس کریگی۔ اس مقام پر ایک انٹرچینج بنے گا جہاں سے رنگ روڈ مزید شمال مغرب سے ہو کر دو کلومیٹر کے فاصلے پر ٹھلیاں انٹرچینج سے مل جائیگی۔ راولپنڈی رنگ روڈ پراجیکٹ کی فزبیلٹی اسٹڈی رپورٹ 2017ء میں مکمل کر لی گئی تھی۔ اسکے مطابق رنگ روڈ گرجا روڈ ٹریفک کو سموئے گی۔ راولپنڈی رنگ روڈ اسلام آباد ہائی وے‘ جی ٹی روڈ کو جس مقام پر ملتی ہے وہاں سے رنگ روڈ کی الائنمنٹ موضع ڈھوک اللہ دتہ قاضیاں‘ جبہ‘ سمبل‘ کوٹلہ‘ میرا موہڑہ اور روات چک بیلی روڈ پر موضع بسالی کے قریب ملے گی۔ راولپنڈی رنگ روڈ/بائی پاس کی لمبائی 38کلومیٹر ہو گی۔ اسکے لنک ون (روات لنک) کی لمبائی 12.5کلومیٹر‘ لنک ٹو گرجا روڈ کی لمبائی ڈیڑھ کلومیٹر‘ لنک تھری فتح جنگ ٹو جی ٹی روڈ ساڑھے 6کلومیٹر ہو گی۔ رنگ روڈ کے دونوں اطراف 90میٹر چوڑا رائٹ آف وے ہو گا۔ رنگ روڈ اور روات لنک‘ اڈیالہ روڈ‘ چکری روڈ‘ گرجا روڈ سے گزر کر یہ روڈ ٹھلیاں انٹرچینج تک جائیگی۔ وہاں رائٹ آف وے 60میٹر رکھا گیا ہے۔ جی ٹی روڈ اور رنگ روڈ پر ٹرمپڈ انٹرچینج چک بیلی روڈ اور روات لنک پر ڈائمنڈ پلس ٹرمپڈ انٹرچینج اڈیالہ روڈ پر ڈائمنڈ انٹرچینج‘ چکری روڈ پر ڈائمنڈ انٹرچینج‘ گرجا روڈ پر ڈائمنڈ انٹرچینج‘ ٹھلیاں پر موجودہ انٹرچینج‘ جی ٹی روڈ اور روات لنک پر کلوور لیف انٹرچینج تجویز کیا گیاہے۔
تازہ ترین