• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اوکاڑہ،جائیداد کے تنازع پر سوتیلے بھائی نے 2حقیقی بھائیوں کو قتل کر دیا

اوکاڑہ(نمائندہ جنگ)جائیداد کے تنازعہ پر سوتیلے بھائی نے 2 حقیقی بھائیوں کو فائر مار کر قتل کر دیا۔دوہرے قتل کی واردات کے چند گھنٹوں بعد ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔جمشید نےتعاقب کرکےموٹر سائیکل سوارمظفر اقبال اور علی اختر پرفائرنگ کی،ملزم آلہ قتل، وقوعہ میں استعمال کار سمیت گرفتارکرلیا گیا،پولیس نے آلہ قتل اور وقوعہ میں استعمال ہونے والی کاربھی برآمد کر لی۔ ضلع ساہیوال کے قصبہ56فور آر کے رہائشی محمد حنیف نے دو شادیاں کیں، ایک بیوی سے3بیٹے مظفر اقبال، علی اختر اور علی اکبر جبکہ دوسری بیوی سے جمشید ،ظفر اقبال اور جاوید اقبال تھے ۔حنیف کی وفات کے بعد سوتیلے بھائیوں میں جائیداد کا تنازعہ شروع ہوا۔ظفر اور جاوید سعودی عرب جا کر مقیم ہو گئے۔مظفر اقبال ،علی اختر وغیرہ پہلے گرین سٹی پھر شالیمار سٹی آ کر مقیم ہو گئے۔وقوعہ کے روز مظفر اقبال اور علی اختر موٹر سائیکل پر جا رہے تھے کہ اوکاڑہ شہر کےمنڈی روڈ پر انکا سوتیلا بھائی جمشید وغیرہ کار پر انکا پیچھا کرتا ہوا پہنچ گیا اور اندھا دھند فائرنگ کر کے اپنے دونوں سوتیلے بھائیوں مظفر اقبال اور علی اختر کو قتل کر دیا۔ملزمان موقع سے فرار ہو گئے۔دن دیہاڑے جائیداد کے تنازعہ پر ہونے والی دوہرے قتل کی واردات کی اطلاع جب ڈی پی او اوکاڑہ حسن اسد علوی کو ملی تو انہوں نے تھانہ اے ڈویژن پولیس کو فوری طور پر ملزمان کی گرفتاری کا حکم دیا۔ایس ایچ او تھانہ اے ڈویژن جاوید خان نے جدید ٹیکنالوجی کو استعمال میں لاتے ہوئے وقوعہ کے چند گھنٹوں کے اندر ہی دوہرے قتل کی واردات کے مرکزی ملزم جمشید کو گرفتار کر کے آلہ قتل اور وقوعہ میں استعمال ہونے والی کار بر آمد کر لی۔ایس ایچ او نے بتایا کہ دونوں مقتولین کے حقیقی تیسرے بھائی علی اکبر کی مدعیت میں جمشید وغیرہ کے خلاف دوہرے قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ایس ایچ او کے مطابق سعودی عرب میں مقیم ملزم جمشید کے دونوں حقیقی بھائیوں ظفر اقبال اور جاوید اقبال کو مقدمہ میں ایما کا ملزم رکھا گیا ہے۔پولیس مصروف تفتیش ہے۔
تازہ ترین