اکثر ماؤں کی کوشش ہوتی ہے کہ بچوں کو اسکول لنچ میں روزانہ ہی ہلکی پھلکی ،نت نئی اور مزیدارچیزیں خود بنا کر دی جائیں۔اس حوالے سے مائیں بچوں کی پسند و نا پسند کا خیال کرتے ہوئے مختلف تراکیب بھی ٹرائی کرتی رہتی ہیں ۔
بچے عموماًاسکول لنچ کے لیے چکن سے بنی ہوئی ڈشز شوق سے کھاتے ہیں اور اس حوالے سے ماؤں سے فرمائشیں بھی کرتے ہیں۔ آپ کی مشکل آسان کرنے کے لیے آج ہم اسکول لنچ کے لیے چکن سے تیار کردہ کچھ تراکیب شامل کررہے ہیں۔یقیناً لنچ بکس کے لیے نیا اضافہ آپ کو پسند آئے گا،آزمائیے!
چکن نگٹس
اجزاء
چکن(سینے کا گوشت):آدھا کلو،سیاہ مرچ:ایک چائے کا چمچ،نمک:حسب ذائقہ،آٹا:ایک چوتھائی پیالی،سفید مرچ:ایک چائے کا چمچ،انڈا: ایک عدد،پودینہ کٹا ہوا:ایک چائے کا چمچ،ڈبل روٹی کا چورا:حسب ضرورت،پیپریکا:5گرام،تیل:حسب ضرورت
ترکیب:
چکن بریسٹ کے ہر ٹکڑے کو چار لمبی پٹیوں کی شکل میں کاٹ لیں۔
سیاہ اور سفید مرچ کوپودینے کے ساتھ بھون کر پیس لیں۔چکن کی پٹیوں میں نمک اور پسا ہوا مسالہ شامل کرکے اچھی طرح میرینیڈ کر دیں اور بیس منٹ کے لیے چھوڑ دیں۔ایک پیالے میں آٹے اور انڈے کو اتنے پانی میں مکس کریں کہ ایک پتلا سا آمیزہ بن جائے۔اب چکن بریسٹ کی پٹیوں کواس آمیزے میں ڈبو کرڈبل روٹی کے چورے میں لپیٹیں۔ایک نان اسٹک پین میں تیل گرم کریں اور چکن نگٹس کو ہلکا گولڈن ہونے تک تلیں۔مزیدار کرسپی چکن نگٹس تیار ہیں۔
ڈھاکہ چکن
چکن:آدھا کلو(پٹیوں کی شکل میں کاٹ لیں)،انڈے:دو عدد،لیموں کا رس:دو سےتین چائے کے چمچ،لہسن پسا ہوا:ایک چائے کا چمچ،کارن فلور :ایک پیالی،تل:ایک چوتھائی پیالی،چکن پاؤڈر:ایک چائے کا چمچ،سرخ مرچ کُٹی ہوئی:ایک چائے کا چمچ، نمک اور چاٹ مسالہ:حسب ذائقہ،تیل :حسب ضرورت
ترکیب:
ایک پیالے میںانڈے،لیموں کا رس اور لہسن ڈال کر مکس کریں۔اس کے بعد اس میں کارن فلور ،تل،کٹی سرخ مرچ،چکن پاؤڈر اور نمک شامل کریں،مزید مکس کریں۔چکن کی پٹیوں کو اس آمیزے میں ڈال کربیس منٹ کے لیے رکھ دیں،کڑاہی میں تیل گرم کریں ،اس میں چکن سنہری ہونے تک تلیں،بعد میں اوپر سے چاٹ مسالہ چھڑک دیں۔
چکن ڈونٹ
اجزاء
آلو:ایک کلو(اُبلے ہوئے)،چکن کا قیمہ:آدھا کلو،ہرادھنیہ اورپودینہ:آدھی آدھی گھٹی،سبز مرچ:پانچ عدد،پیاز:ایک عدد،انڈے:دو عدد،کارن فلور:چار کھانے کے چمچے،میدہ:چھ کھانے کے چمچے،کٹی سرخ مرچ :ایک کھانے کا چمچ،ادرک لہسن پسا ہوا:ایک کھانے کا چمچ،گرم مسالہ: ایک چائے کا چمچ،ہلدی:آدھا چائے کا چمچ،نمک:حسب ذائقہ،ڈبل روٹی کا چورا اور تیل حسب ضرورت۔
ترکیب:
اُبلے ہوئے آلوؤں کے ساتھ تمام اجزاء کو اچھی طرح میش اور مکس کرلیں۔اب اس آمیزے کو گول کباب کی طرح بنا لیں،پھر انگوٹھے کی مدد سے درمیان میں سوراخ کردیں۔اب انہیں انڈے میں ڈبو کراور ڈبل روٹی کے چورے میں لپیٹ کر تل لیں۔مزیدار ڈونٹس تیار ہیں۔